جمعرات، 3-ستمبر،2026
جمعرات 1448/03/21هـ (03-09-2026م)

سلامتی کونسل امریکی جنگی جرائم کی فوری مذمت کرے، ایرانی سفیر کا خط

03 ستمبر, 2026 09:56

ایران نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سیریک شہر میں شادی کی تقریب پر ہونے والے امریکی فضائی حملے کی فوری مذمت کرے۔

ایران نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو ایک رسمی خط ارسال کیا ہے، جس میں جنوبی ایران میں ایک رہائشی مکان پر ہونے والے خونریز امریکی حملے کی شدید مذمت کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

اس امریکی حملے میں شادی کی تقریب کو نشانہ بنایا گیا تھا، جس کے نتیجے میں ایک چار سالہ معصوم بچے سمیت 5 شہری شہید اور 70 سے زائد افراد زخمی ہو گئے تھے۔

یہ خط اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر اور قائم مقام مستقل مندوب غلام حسین درزی نے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس اور سلامتی کونسل کے صدر کے نام تحریر کیا۔

ایرانی سفیر نے لکھا کہ صوبہ ہرمزگان کے ضلع سیریک کے قصبے کوہستک میں ایک رہائشی گھر پر اس وقت گائیڈڈ میزائل سے حملہ کیا گیا، جب وہاں شادی کی خوشیاں منائی جا رہی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں : دشمن کی ہر حماقت کا جواب کئی گنا زیادہ طاقت سے دیں گے، سربراہ ایرانی فوج

انہوں نے لکھا کہ ایران اس ہولناک اور دردناک جرم کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔ بچوں اور عام شہریوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا عالمی انسانی حقوق کے بنیادی قوانین کی سنگین ورزی ہے اور یہ واضح طور پر ایک جنگی جرم کے زمرے میں آتا ہے۔

غلام حسین درزی نے اپنے خط میں اس بات کی نشاندہی کی کہ سیریک کا واقعہ کوئی الگ تھلگ واقعہ نہیں ہے بلکہ یہ ایران بھر میں شہری آبادی اور اہم بنیادی ڈھانچے پر امریکہ اور اسرائیل کے مسلسل حملوں کے سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

انہوں نے یاد دہانی کرائی کہ 28 فروری سے جاری امریکی بمباری میں اسکولوں، اسپتالوں، ہوائی اڈوں، رہائشی علاقوں، پلوں اور ریلوے کی تنصیبات کو مسلسل نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے ہرمزگان کے شہر میناب میں پرائمری اسکول پر امریکی حملے کا حوالہ بھی دیا، جس میں 7 سے 12 سال کی 168 طالبات، اساتذہ اور اسکول کا عملہ شہید ہوا تھا۔

سینئر ایرانی سفارت کار نے واضح کیا کہ معصوم بچوں اور شہریوں کے اس قتل عام اور سول انفراسٹرکچر کی تباہی کو صرف ضمنی نقصان (Collateral Damage) کہہ کر نظر انداز یا جائز قرار نہیں دیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ ان مظالم کے جواب میں ایران کی جوابی کارروائیاں اقوام متحدہ کے منشور کے آرٹیکل 51 کے تحت اپنے دفاع کے موروثی حق کے مطابق ہیں۔

ایران نے سلامتی کونسل سے زور دے کر کہا ہے کہ وہ امریکہ کو ان تمام تباہ کاریوں کا ذمہ دار ٹھہرائے، سیریک اور میناب کے واقعات کو اپنی رپورٹوں میں شامل کرے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔