شاہد آفریدی سندھ پولیس کے سفیرِ کھیل مقرر

Shahid Afridi Gets Major Role
کراچی: سندھ پولیس اسپورٹس بورڈ کے زیرِ اہتمام سینٹرل پولیس آفس کراچی میں تقریب منعقد ہوئی، جس میں قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور معروف آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی کو سندھ پولیس کا سفیرِ کھیل مقرر کردیا گیا۔
تقریب میں شاہد آفریدی کو سفیرِ کھیل مقرر کیے جانے کی سند بھی پیش کی گئی۔ اس موقع پر آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو سمیت پولیس حکام اور دیگر شخصیات موجود تھیں۔
آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شاہد آفریدی نے سندھ پولیس اسپورٹس بورڈ کا سفیر بن کر پولیس فورس کو اعزاز بخشا ہے۔ سندھ پولیس میں کھیلوں کا فروغ ہمیشہ ترجیحات میں شامل رہا ہے اور فورس میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو وسعت دینے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ رواں سال نومبر میں سندھ پولیس کے زیرِ اہتمام کھیلوں کا ایک بڑا میلہ منعقد کیا جائے گا، جس کا مقصد پولیس اہلکاروں اور نوجوانوں میں کھیلوں کے رجحان کو مزید فروغ دینا ہے۔
شاہد خان آفریدی نے سندھ پولیس کا سفیرِ کھیل مقرر ہونے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بچپن میں ان کا خواب تھا کہ وہ سندھ پولیس کی کرکٹ ٹیم کا حصہ بن کر کھیلیں۔ ان کے لیے اسپورٹس بورڈ کا سفیر مقرر ہونا ایک بڑے اعزاز کی حیثیت رکھتا ہے۔
سابق کپتان نے کہا کہ وہ سندھ پولیس کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے اور کھیلوں کے فروغ کے لیے فورس کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔
شاہد آفریدی نے نوجوانوں کو کھیلوں کی جانب راغب کرنے اور انہیں مثبت سرگرمیوں میں مصروف رکھنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔
Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












