ہفتہ، 5-ستمبر،2026
ہفتہ 1448/03/23هـ (05-09-2026م)

ایران چین کی علاقائی مشترکہ سیکیورٹی تجویز کا مکمل حامی ہے، باقر قالیباف

05 ستمبر, 2026 10:30

تہران: ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ ایران خطے میں مشترکہ سیکیورٹی کے قیام سے متعلق چین کی تجویز کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

محمد باقر قالیباف کے مطابق چین کی جانب سے مشترکہ سیکیورٹی کے نظام کی تجویز اسی اصول سے مطابقت رکھتی ہے جس کی ایران طویل عرصے سے حمایت اور وکالت کرتا آرہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خطے کے ممالک کو اپنے مستقبل اور سلامتی کی ذمہ داری خود سنبھالنی چاہیے۔ ان کے بقول حقیقی اور پائیدار استحکام اسی وقت حاصل کیا جاسکتا ہے جب مشرق وسطیٰ کے لیے ایسا نیا سیکیورٹی نظام تشکیل دیا جائے جو خطے کی ضروریات اور حالات کے مطابق ہو۔

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا کہ ایران اس مقصد کے حصول کے لیے تعاون کرنے کو تیار ہے اور خطے کے ممالک کے درمیان باہمی تعاون کے ذریعے مشترکہ سلامتی کے انتظامات کی حمایت کرتا ہے۔

قالیباف کا کہنا تھا کہ ایران ہمیشہ علاقائی ممالک پر زور دیتا رہا ہے کہ وہ خطے سے باہر کی طاقتوں پر انحصار کم کریں اور اپنے درمیان تعاون بڑھا کر سلامتی اور استحکام کے لیے مؤثر نظام تشکیل دیں۔

خیال رہے کہ چین کے صدر شی جن پنگ نے بھی مشرق وسطیٰ میں نئے سیکیورٹی ڈھانچے کے قیام کے لیے چار نکاتی حکمت عملی کی حمایت کی ہے۔

چینی صدر نے مصری صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات کے دوران مشرق وسطیٰ میں مشترکہ، جامع، تعاون پر مبنی اور دیرپا سیکیورٹی کے قیام پر زور دیا تھا۔

چین اور ایران دونوں کی جانب سے علاقائی ممالک کے درمیان تعاون اور مشترکہ سیکیورٹی کے نظام پر زور ایسے وقت سامنے آیا ہے جب مشرق وسطیٰ میں امن، استحکام اور بیرونی طاقتوں کے کردار پر بحث جاری ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔