بدھ، 9-ستمبر،2026
بدھ 1448/03/27هـ (09-09-2026م)

ستمبر 1965 کی جنگ کے 9ویں روز پاک فوج کی تینوں محاذوں پر بھارت کو ناقابل فراموش شکست

09 ستمبر, 2026 10:49

ستمبر 1965 کی جنگ کے 9ویں روز پاک فوج نے بھارت کو 3 مختلف محاذوں پر ناقابل فراموش شکست دی اور دشمن کو پسپائی پر مجبور کر دیا۔

پاک فوج نے نارووال کے قریب جسر پل کا شاندار دفاع کرتے ہوئے بھارتی فوج کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچایا، جہاں لیفٹیننٹ کلیم محمود نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

اس کے علاوہ سونا مرگ کے مغربی مقام پر پاک فوج نے حملہ کر کے بھارتی انجینئرز کی ٹیم کو شدید نقصان پہنچایا۔ فضائی محاذ پر پاکستانی شاہینوں نے زبردست شجاعت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کے پٹھان کوٹ اور جودھ پور ایئر بیسز مکمل طور پر تباہ کر دیئے۔

فضائی معرکوں میں پاک ایئر فورس نے 28 بھارتی جہاز ہوا میں، 2 اینٹی ایئر کرافٹ گنز سے، 36 زمین پر کھڑے اور 15 جہاز کلائی کونڈا ایئر بیس پر تباہ کیے۔ جنگ ستمبر کے 9ویں روز پاک فوج کے افسران اور جوانوں نے ہمت کی نئی داستانیں رقم کرتے ہوئے شہادتیں پیش کیں۔

یہ بھی پڑھیں : جنگِ ستمبر کا آٹھواں دن، پاکستان کی افواج نے بھارت کے 21 ٹینک اور 70 طیارے تباہ کر دیئے

سپورٹ بٹالین سے تعلق رکھنے والے میجر محمد اشرف خان سیالکوٹ کا دفاع کر رہے تھے۔ 9 ستمبر کو جب دشمن بھارت نے سیالکوٹ کینٹ کی جانب پیش قدمی شروع کی تو انہوں نے دشمن کو روکتے ہوئے ان کے 2 ٹینک تباہ کر دیئے اور جیپ میں میدان جنگ کا جائزہ لیتے ہوئے دشمن کا فائر لگنے سے شہید ہو گئے۔

اسی طرح آرمر رجمنٹ کی قیادت کرنے والے لیفٹیننٹ کرنل صاحبزاد گل نے قصور کی طرف بڑھتی بھارتی فوج کو بارڈر کے پیچھے دھکیل دیا اور 8 ستمبر کو کھیم کرن پر قبضہ کیا۔

9 ستمبر کو انہوں نے وال تھوا ریلوے اسٹیشن پر قبضہ کیا اور دشمن کے شدید جوابی حملے کو ناکام بناتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ لیفٹیننٹ کرنل صاحبزاد گل کو اس بے مثال بہادری پر بعد از شہادت ستارہ جرات سے نوازا گیا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔