بدھ، 9-ستمبر،2026
بدھ 1448/03/27هـ (09-09-2026م)

وفاقی حکومت کا 7 لاکھ ٹن گندم در آمد کرنے کا فیصلہ

09 ستمبر, 2026 13:54

وفاقی حکومت نے ملک میں گندم کی ممکنہ قلت کے خدشے کو مدنظر رکھتے ہوئے 7 لاکھ 50 ہزار میٹرک ٹن گندم در آمد کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

سرکاری ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے ملک میں گندم کے متوقع بحران سے نمٹنے کے لیے 7 لاکھ 50 ہزار میٹرک ٹن گندم در آمد کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

ملک میں اس وقت گندم کی سالانہ کھپت تقریباً 3 کروڑ 13 لاکھ ٹن ہے، جبکہ رواں برس ملکی سطح پر گندم کی سالانہ پیداوار 2 کروڑ 96 لاکھ 10 ہزار ٹن ریکارڈ کی گئی ہے، جس کی وجہ سے پیدا ہونے والے فرق کو پورا کرنے کے لیے گندم در آمد کی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سندھ کابینہ نے 5 لاکھ میٹرک ٹن گندم خریدنے کی منظوری دے دی

حکام کا کہنا ہے کہ گندم کی در آمد کے لیے عالمی سطح پر بولیاں کھولنے کی آخری تاریخ 16 ستمبر مقرر کی گئی ہے۔ ٹینڈر کی شرائط کے تحت نااہل قرار دی گئی کمپنیاں اس عمل میں حصہ لینے کی اہل نہیں ہوں گی۔

اس کے علاوہ جن کمپنیوں کے خلاف بلیک لسٹنگ کا عمل جاری ہے، وہ بھی بولی میں شامل نہیں ہو سکیں گی۔ ٹینڈر کھلنے سے پہلے تمام واجب الادا رقم بشمول جرمانے ادا کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

در آمد کی جانے والی گندم کی تقسیم کا طریقہ کار بھی وضع کر لیا گیا ہے۔ کل 7 لاکھ 50 ہزار میٹرک ٹن میں سے 3 لاکھ ٹن گندم سندھ کو فراہم کی جائے گی۔

اس کے علاوہ پنجاب کو 2 لاکھ 50 ہزار ٹن اور خیبرپختونخوا کو 2 لاکھ ٹن گندم کا کوٹہ دیا جائے گا تاکہ تمام صوبوں میں آٹے اور گندم کی سپلائی کو یقینی بنایا جا سکے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔