بہت گرم چائے یا کافی پینے سے کینسر کا خطرہ بڑھ سکتا ہے، تحقیق

Those who stay at tea shops late at night in Karachi, be careful; a major decision has been made
کیا آپ کو بہت زیادہ گرم چائے یا کافی پینے کی عادت ہے؟ ایک طبی تحقیق میں خبردار کیا گیا ہے کہ انتہائی گرم مشروبات کا استعمال غذائی نالی کے کینسر کے خطرے میں اضافہ کرسکتا ہے۔
برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی میں ہونے والی تحقیق میں تقریباً 9 لاکھ 80 ہزار افراد کے ڈیٹا کا جائزہ لیا گیا۔ ان افراد کی صحت کا 14 سال سے زائد عرصے تک مشاہدہ کیا گیا تاکہ گرم مشروبات کے طویل مدتی اثرات کا جائزہ لیا جاسکے۔
تحقیق کے دوران شرکا سے ان کے پسندیدہ مشروبات کے درجہ حرارت کے بارے میں معلومات حاصل کی گئیں۔ ان میں بہت زیادہ گرم، معتدل گرم، نیم گرم اور ٹھنڈے مشروبات شامل تھے۔
محققین کے مطابق 70 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ گرم چائے یا کافی پینے سے غذائی نالی کے کینسر کی ایک قسم اسکوا موس سیل کارسینوما (SCC) کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔ تحقیق میں انتہائی گرم مشروبات کے استعمال اور اس قسم کے کینسر کے درمیان واضح تعلق سامنے آیا۔
محققین کا کہنا ہے کہ بہت زیادہ گرم چائے یا کافی پینے والوں میں SCC کا خطرہ تقریباً تین گنا زیادہ پایا گیا، تاہم غذائی نالی کے کینسر کی دوسری قسم ایڈینو کارسینوما (AC) کے خطرے میں اسی طرح کا اضافہ نہیں دیکھا گیا۔
اس سے قبل ہونے والی بعض تحقیقات میں بھی انتہائی گرم مشروبات اور غذائی نالی کے کینسر کے درمیان ممکنہ تعلق کی نشاندہی کی جاچکی ہے۔ ماہرین کے مطابق بہت زیادہ گرم مشروبات کی حرارت غذائی نالی کے خلیات کو نقصان پہنچا سکتی ہے، جس سے وقت کے ساتھ کینسر کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔
محققین نے مشورہ دیا ہے کہ چائے یا کافی کو پینے سے پہلے کچھ دیر ٹھنڈا کرلیا جائے تاکہ اس کے ممکنہ خطرات کو کم کیا جاسکے۔
تاہم محققین نے واضح کیا کہ تحقیق کی کچھ حدود بھی ہیں اور اس تعلق کی مکمل وجہ ابھی واضح نہیں ہوسکی۔ اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔
تحقیق کے نتائج انٹرنیشنل جرنل آف کینسر میں شائع کیے گئے ہیں۔
Catch all the دلچسپ و عجیب News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












