ڈیرہ اسماعیل خان دھماکے کے تین شہید اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی

ڈیرہ اسماعیل خان میں درازندہ امن میلہ چیک پوسٹ پر دھماکے میں شہید ہونے والے تینوں اہلکاروں کی نمازِ جنازہ سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں درازندہ امن میلہ جوائنٹ چیک پوسٹ پر پیش آنے والے لرزہ خیز دھماکے کے نتیجے میں شہید ہونے والے کسٹمز کے حوالدار فرمان، سپاہی اسامہ اور ریسکیو 1122 کے اہلکار شریف اللہ کی نمازِ جنازہ اعجاز شہید پولیس لائنز ڈیرہ اسماعیل خان میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی۔
نمازِ جنازہ میں کمشنر ڈیرہ ڈویژن داور خان، اسٹیشن کمانڈر بریگیڈیئر سلمان عادل شاہ، ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ غلام مبشر میکن، ڈی پی او ڈیرہ ضیاء الدین احمد، کسٹمز اور ریسکیو کے اعلیٰ حکام، سیکیورٹی فورسز کے افسران اور شہداء کے ورثاء نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں : کوہاٹ پولیس لائن مسجد دھماکے کے شہداء کی تعداد 26 ہوگئی
نمازِ جنازہ کے موقع پر پاک فوج اور پولیس کے چاق و چووبند دستے نے شہداء کے جسدِ خاکی کو سرکاری اعزاز کے ساتھ سلامی پیش کی اور ان کے تابوتوں پر پھول نچھاور کیے۔ اس دوران تمام شرکاء نے شہداء کے درجات کی بلندی، مغفرت اور پسماندگان کے لیے صبر و استقامت کی دعائیں مانگیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شرکاء نے شہداء کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ وطن عزیز کے امن و سلامتی کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے یہ شہداء قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں جن کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی کے خلاف یہ جنگ اس وقت تک جاری رہے گی جب تک ملک سے مکمل امن قائم نہیں ہو جاتا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










