جمعہ، 8-مئی،2026
جمعہ 1447/11/21هـ (08-05-2026م)

ملک میں مہنگائی کا راج؛ آٹے کی قیمت میں اچانک بڑا اضافہ؛ 20 کلو کا تھیلا کتنے کا ہوگیا؟

08 مئی, 2026 14:22

ملک بھر میں ایک بار پھر آٹے کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس کے بعد عوام کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔

 نئی قیمتوں کے اطلاق کے بعد روزمرہ استعمال کی اس بنیادی چیز نے عام شہریوں کے گھریلو بجٹ کو شدید متاثر کرنا شروع کر دیا ہے۔ مہنگائی سے پہلے ہی پریشان عوام اب آٹے کی بڑھتی قیمتوں پر بھی تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق فلور ملز کی جانب سے نئی فصل کی گندم سے تیار ہونے والا آٹا مارکیٹ میں پہنچنا شروع ہو گیا ہے، لیکن اس کے باوجود قیمتوں میں کمی کے بجائے اضافہ کر دیا گیا ہے۔ 10 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 107 روپے تک اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد اوپن مارکیٹ میں یہ تھیلا 1012 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔

اسی طرح 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں بھی 210 روپے کا بڑا اضافہ سامنے آیا ہے۔ نئی قیمت کے بعد 20 کلو آٹے کا تھیلا تقریباً 2020 روپے تک پہنچ چکا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ آٹا ہر گھر کی بنیادی ضرورت ہے اور اس کی قیمت بڑھنے سے گھریلو اخراجات سنبھالنا مزید مشکل ہو گیا ہے۔

تاجروں کے مطابق گندم، ٹرانسپورٹ اور سپلائی کے اخراجات میں اضافے کی وجہ سے آٹے کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر اخراجات میں مزید اضافہ ہوا تو آنے والے دنوں میں قیمتیں مزید بڑھنے کا خدشہ بھی موجود ہے۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ آٹے کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ سب سے زیادہ کم آمدنی اور متوسط طبقے کو متاثر کرتا ہے۔ کیونکہ یہ ایسی چیز ہے جو ہر گھر میں روزانہ استعمال ہوتی ہے۔ ماہرین کے مطابق خوراک کی اشیاء مہنگی ہونے سے مہنگائی کا دباؤ مزید بڑھ جاتا ہے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔