جمعرات، 2-جولائی،2026
جمعرات 1448/01/17هـ (02-07-2026م)

لیسکو کی بڑی کامیابی، 2 برسوں کے دوران گردشی قرضے میں 136 ارب روپے کی کمی

02 جولائی, 2026 14:08

لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی نے بہترین حکمت عملی اور اصلاحات کی بدولت اپنے گردشی قرضے میں 136 ارب روپے کی تاریخی کمی کر دی۔

لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے اپنی مؤثر حکمت عملی اور آپریشنل کارکردگی کی بدولت گردشی قرضوں کے بوجھ کو کم کرنے میں ایک بڑی اور تاریخی کامیابی حاصل کر لی ہے۔

لیسکو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر محمد رمضان بٹ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ گردشی قرضہ صرف لائن لاسز کا نام نہیں ہے، بلکہ یہ متعدد مالی، ریگولیٹری اور انتظامی عوامل سے جڑا ہوتا ہے۔

لیسکو نے لائن لاسز میں واضح کمی، بجلی کے بلوں کی تقریباً 100 فیصد ریکوری اور واجبات کی بروقت ادائیگیوں کے ذریعے اپنے مالی استحکام کو مضبوط کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سانحہ کاہنہ، چھت پر مٹی ڈالنا 14 بچوں کی موت کا سبب بنا، رپورٹ وزیراعلیٰ پنجاب کو پیش

لیسکو کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، مالی سال 2023-24 میں کمپنی کا گردشی قرضہ 339 ارب روپے تھا، جس میں پچھلے 2 برسوں کے دوران سخت اقدامات کی بدولت 136 ارب روپے کی تاریخی کمی لائی گئی ہے۔

اس بڑی کامیابی کے بعد مالی سال 2025-26 میں لیسکو کا مجموعی گردشی قرضہ کم ہو کر اب 203 ارب روپے کی سطح پر آ گیا ہے۔

لیسکو انتظامیہ کے مطابق، وزارت توانائی، بورڈ آف ڈائریکٹرز اور سی ای او کی سربراہی میں اوور بلنگ اور بجلی چوری کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا گیا، جس کے مثبت نتائج سامنے آئے۔

کمپنی نے اب مالی سال 2026-27 سے لے کر 2028-29 تک کے لیے ایک نیا جامع منصوبہ تیار کیا ہے، جس کے تحت اس قرضے کو مزید کم کرکے 150 ارب روپے سے بھی نیچے لایا جائے گا تاکہ قومی بجلی کے شعبے کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔