خلیج میں امریکی بالادستی کا خاتمہ اور روس ایران اتحاد

عالمی تجزیہ نگار پیپے اسکوبر نے دعویٰ کیا ہے کہ روس اور ایران کے درمیان بڑھتے ہوئے تزویراتی تعلقات نے خلیج فارس میں امریکی تسلط کا خاتمہ کر دیا ہے۔ واشنگٹن کو واضح پیغام دے دیا گیا کہ اب خطے کی تقدیر کا فیصلہ تہران اور ماسکو کے ہاتھ میں ہے۔
روس کی جانب سے ایران کی کھل کر حمایت نے عالمی سیاست میں ایک نیا موڑ پیدا کر دیا ہے، جسے ماہرین خلیج فارس میں امریکی اثر و رسوخ کے خاتمے کا نقطہ آغاز قرار دے رہے ہیں۔
27 اپریل کو ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ہونے والی ملاقات نے تزویراتی دنیا میں ہلچل مچا دی ہے۔
صدر پیوٹن نے اس موقع پر انکشاف کیا کہ انہیں ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کا خصوصی پیغام موصول ہوا ہے، جس میں دونوں ملکوں کے درمیان قریبی تعلقات جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔ اس ملاقات کے بعد یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ روس اب مشرق وسطیٰ میں جنگ بندی اور امن مذاکرات کا ایک لازمی حصہ بن چکا ہے۔
عباس عراقچی نے عمان، پاکستان اور روس کے دورے کے بعد امریکہ کے لیے امن کی نئی شرائط پیش کی ہیں، جن میں آبنائے ہرمز پر معاہدہ، سلامتی کی ضمانتیں اور ایٹمی مذاکرات کو امن کے قیام کے ساتھ مشروط کرنا شامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں : امریکہ، ایران کو دھمکیاں دینے کی پالیسی ترک کر دے، یہ فارمولا کام نہیں کر رہا، روس
اسی دوران شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے دفاع کا ایک اہم اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں روس، چین، پاکستان، ایران اور دیگر رکن ممالک نے شرکت کی۔
روسی وزیر دفاع آندرے بیلوسوف نے زور دیا کہ ایران کے خلاف جاری جنگ کو صرف سفارتی ذرائع سے حل کیا جانا چاہیے۔
دوسری جانب ایرانی نائب وزیر دفاع رضا طلائی نیک نے دیگر رکن ممالک کو امریکہ کو شکست دینے کا اپنا تجربہ منتقل کرنے کی پیشکش کی۔
ایران اب روس اور چین کے لیے ایک کلیدی جغرافیائی مرکز بن چکا ہے، جو شمال جنوب بین الاقوامی ٹرانسپورٹ کوریڈور اور بیلٹ اینڈ روڈ جیسے بڑے منصوبوں کی کامیابی کے لیے ناگزیر ہے۔
روس اور چین بخوبی جانتے ہیں کہ امریکہ اور اسرائیل یوریشیا کو تقسیم کرنے اور وسطی ایشیا پر کنٹرول حاصل کرنے کے منصوبے پر عمل پیرا ہیں، اسی لیے دونوں عالمی طاقتوں نے ایران کے ساتھ جامع تزویراتی معاہدے کر کے واشنگٹن کو شہ مات دے دی ہے۔
Catch all the تجزیہ و بلاگز News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











