برازیل، چین اور امریکہ کے درمیان بڑا عسکری و معاشی میدان جنگ بن گیا

لاطینی امریکہ کی سب سے بڑی معیشت برازیل اب چین اور امریکہ کے درمیان اثر و رسوخ بڑھانے کا ایک بڑا اسٹریٹجک میدان جنگ بن چکا ہے، جہاں بیجنگ کے بڑھتے ہوئے قدم واشنگٹن کے روایتی غلبے کو چیلنج کر رہے ہیں۔
برازیل نہ صرف لاطینی امریکہ کی سب سے بڑی معیشت ہے بلکہ وہ عالمی جنوب، برکس اتحاد اور قدرتی وسائل کے اعتبار سے بھی غیر معمولی اسٹریٹجک اہمیت رکھتا ہے، یہی وجہ ہے کہ دونوں سپر پاورز اس ملک میں اپنے قدم مضبوط کرنے کے لیے بھرپور کوششوں میں مصروف ہیں۔
برازیل کی اہمیت صرف اس کی معیشت تک محدود نہیں بلکہ اس کے پاس موجود وسیع قدرتی وسائل، جغرافیائی حیثیت اور بڑی صارف مارکیٹ اسے عالمی طاقتوں کے لیے انتہائی قیمتی بنا دیتی ہے۔
سویا بین، لوہے کی دھات، خام تیل اور لیتھیم جیسے وسائل چین کی صنعتی ضروریات پوری کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں، جبکہ امریکہ اسے عالمی سپلائی چینز اور مغربی نصف کرہ میں اپنے اسٹریٹجک اثر و رسوخ کے تحفظ کے لیے ناگزیر سمجھتا ہے۔
تقریباً پونے بائیس کروڑ آبادی پر مشتمل برازیل جدید ٹیکنالوجی اپنانے والی ایک ابھرتی ہوئی مارکیٹ بھی بن چکا ہے، جس نے عالمی سرمایہ کاروں کی دلچسپی مزید بڑھا دی ہے۔
چین نے گزشتہ برسوں کے دوران برازیل میں خاموش مگر انتہائی مؤثر معاشی حکمت عملی اپنائی۔ بیجنگ نے سیاسی نعروں کے بجائے بنیادی ڈھانچے، توانائی، بندرگاہوں، ٹیلی کمیونیکیشن اور مینوفیکچرنگ کے شعبوں میں بھاری سرمایہ کاری پر توجہ مرکوز رکھی۔
آج برازیل میں چینی سرمایہ کاری سے چلنے والی فیکٹریاں، فائیو جی ٹاورز اور بندرگاہیں نمایاں طور پر موجود ہیں، جہاں سے برازیلی سویا بین اور تیل بڑی مقدار میں چین منتقل کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : کیا امریکہ صفوی سلطنت کی طرز پر معاشی زوال کی طرف بڑھ رہا ہے؟
چینی ٹیکنالوجی کمپنی ہواوے بھی برازیل میں فائیو جی نیٹ ورک کی توسیع میں مرکزی کردار ادا کر رہی ہے۔ واشنگٹن کی شدید مخالفت اور دباؤ کے باوجود ہواوے نے برازیل کے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر میں مضبوط جگہ بنا لی ہے، جسے امریکی حلقے خطے میں بڑھتے ہوئے چینی ڈیجیٹل اثر و رسوخ کے طور پر دیکھتے ہیں۔
ناقدین کے مطابق اس پیش رفت سے برازیل کی ٹیکنالوجی اور کمیونیکیشن کے شعبے میں چین پر انحصار بڑھتا جا رہا ہے۔
دوسری جانب برکس اتحاد کے اندر بھی برازیل چین کے ساتھ مل کر امریکی ڈالر کے عالمی غلبے کو چیلنج کرنے کی کوششوں میں سرگرم دکھائی دیتا ہے۔
قومی کرنسیوں میں تجارت اور ادائیگیوں کے نظام کو فروغ دینے کی تجاویز واشنگٹن کے لیے ایک نئے معاشی خطرے کے طور پر دیکھی جا رہی ہیں۔
امریکہ طویل عرصے سے لاطینی امریکہ کو اپنے روایتی دائرہ اثر کا حصہ سمجھتا آیا ہے، اس لیے بیجنگ کا تیزی سے بڑھتا ہوا اثر امریکی پالیسی سازوں کے لیے تشویش کا باعث بنتا جا رہا ہے۔
امریکہ نے چین کے بڑھتے ہوئے اثر کو روکنے کے لیے مختلف اقدامات بھی کیے ہیں۔ واشنگٹن نے ہواوے سے منسلک شراکت داروں پر پابندیوں کی دھمکیاں دیں، متبادل ٹیلی کمیونیکیشن نیٹ ورکس کو فروغ دینے کی کوشش کی اور برازیلی ریگولیٹری اداروں پر چینی معاہدوں کو محدود کرنے کے لیے دباؤ ڈالا۔
اس کے باوجود امریکہ برازیل کے ساتھ اپنے فوجی اور اسٹریٹجک تعلقات برقرار رکھے ہوئے ہے، جبکہ اسے الکانترا خلائی بندرگاہ تک رسائی بھی حاصل ہے، جو خطے میں اس کی عسکری اور خلائی حکمت عملی کے لیے اہم سمجھی جاتی ہے۔
اس عالمی کشمکش میں نظریاتی پہلو بھی نمایاں ہوتا جا رہا ہے۔ امریکہ جمہوریت، انسانی حقوق اور گرین ایجنڈے کی بنیاد پر اس وقت خدشات کا اظہار کرتا ہے، جب برازیل کی قیادت چین کے ساتھ زیادہ قریبی تعلقات استوار کرتی دکھائی دیتی ہے۔
دوسری جانب چین خود کو ایک ایسے شراکت دار کے طور پر پیش کرتا ہے، جو سیاسی شرائط عائد کیے بغیر سرمایہ کاری اور ترقیاتی تعاون فراہم کرتا ہے۔
موجودہ صورتحال میں چین برازیل میں معاشی، صنعتی اور ڈیجیٹل سطح پر اپنی موجودگی مسلسل مضبوط بنا رہا ہے، جبکہ امریکہ اب بھی چینی سرمایہ کاری کے حجم کا مؤثر مقابلہ کرنے میں مشکلات کا شکار دکھائی دیتا ہے۔
واشنگٹن زیادہ تر سیاسی دباؤ، ریگولیٹری اثر و رسوخ اور اسٹریٹجک شراکت داریوں پر انحصار کر رہا ہے، جبکہ بیجنگ طویل المدتی معاشی شمولیت کے ذریعے برازیل میں اپنی جڑیں مزید گہری کر رہا ہے۔
Catch all the تجزیہ و بلاگز News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












