ورلڈکپ: پاکستان نے بنگلادیش کو 7 وکٹوں سے باآسانی شکست دے دی

کولکتہ: آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ میں پاکستان نے بنگلادیش کو باآسانی 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔
کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں کھیلے گئے میچ میں بنگلادیش کے کپتان شکیب الحسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بنگلادیش کی پوری ٹیم 46 ویں اوور میں 204 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، محمود اللہ 56 رنز بناکر نمایاں رہے۔
پاکستان نے بنگلادیش کا 205 رنز کا ہدف با آسانی 33 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا، فخر زمان نے شاندار 81 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 7 چھکے شامل تھے۔
پاکستان کے خلاف بنگلادیش کا آغاز بالکل اچھا نہ تھا، اوپنر تنزید حسن کو شاہین نے پہلے ہی اوور میں صفر آؤٹ کیا، بعدازاں نجم الحسین شنتو کو بھی شاہین نے 4 رنز بناکر آؤٹ کیا۔
حارث رؤف نے مشفق الرحیم کو پویلین بھیجا، جبکہ افتخار احمد نے لٹن داس کو 45 رنز پر پویلین کی راہ دکھائی، بنگلادیش کی جانب سے 56 رنز بنانے والے محمود اللہ کو بھی شاہین نے ڈگ آؤٹ میں بھیجا۔
اس کے علاوہ کپتان شکیب الحسن 43، توحید 7، مہیدی حسن 25، تاسکین احمد 6 اور مصتفیض الرحمان 3 رنز بناسکے، پوری بنگلادیش کی ٹیم 45.1 اوور میں 204 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے بعد سری لنکا کیخلاف بھی افغانستان کی جیت، عرفان پٹھان کے رقص کی ویڈیو وائرل
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور محمد وسیم نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ حارث رؤف نے 2، افتخار احمد اور اسامہ میر نے ایک ایک وکٹ لی۔
بنگلادیش کے 205 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز اچھا رہا، دونوں اوپنرز عبداللہ شفیق اور فخر زمان نے درمیان شاندار 128 رنز کی شراکت داری بنی۔
تاہم پھر عبداللہ 69 گیندوں پر 68 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، پاکستان کو دوسرا نقصان کپتان بابر اعظم کی صورت میں اٹھانا پڑا وہ 16 گیندوں پر 9 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
اس کے علاوہ فخر زمان 74 گیندوں پر شاندار 81 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 7 چھکے اور 3 چوکے شامل تھے۔
پاکستان کی جانب سے محمد رضوان 26 اور افتخار احمد 17 رنز بناکر ناقابل شکست رہے، گرین شرٹس نے مطلوبہ ہدف 32.3 اوورز میں با آسانی حاصل کرلیا۔
بنگلادیش کے مہیدی حسن نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، شاندار بیٹنگ کرنے پر پاکستان کے فخر زمان پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔
بنگلادیش کے خلاف جیت پاکستان ٹیم کی رواں ورلڈکپ میں تیسری کامیابی ہے جبکہ پاکستان کے خلاف شکست کے بعد بنگلادیش سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوچکا ہے۔
پاکستان اور بنگلادیش نے اب تک ورلڈکپ میں 7 میچز کھیلے ہیں، پاکستان کو 3 میں کامیابی ملی جبکہ بنگلادیش صرف ایک میچ جیت سکا ہے۔
دوسری جانب پاکستان کو سیمی فائنل میں پہنچنے کیلئے اپنے بقیہ 2 میچز جیتنے کے ساتھ دوسری ٹیموں پر بھی انحصار کرنا ہے۔
Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











