لڑکی سے زیادتی کے جرم میں نیپالی کرکٹر سندیپ لامیچانے کو 8 سال قید کی سزا

کھٹمنڈو: نیپال کے انٹرنیشنل کرکٹر سندیپ لمیچھانے کو عدالت نے نوجوان لڑکی سے جنسی زیادتی کا جرم ثابت ہونے پر 8 سال قید کی سزا سنادی ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو کی ضلعی عدالت نے کہا کہ یہ ثابت ہوچکا تھا کہ سندیپ لمیچھانے نے اگست 2022 میں کھٹمنڈو کے ہوٹل میں 17 سالہ لڑکی سے جنسی زیادتی کی۔
مدعیہ کی جانب سے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائے جانے کے بعد لیگ اسپنر کو گرفتار کرلیا گیا تھا، جس کے بعد جنوری 2023 میں انہیں عدالت نے ضمانت پر رہا کردیا تھا۔
ضمانت پر رہا ہونے کے بعد سندیپ لمیچھانے بین الاقوامی ٹورنامنٹس میں اپنی قومی ٹیم کی نمائندگی کرتے رہے، انہوں نے آخری میچ نومبر2023 میں منعقدہ ٹی ٹوئنٹی ایشیا فائنلز میں اومان کے خلاف کھیلا تھا۔
لمیچھانے کو نوجوان لڑکی کا ریپ کرنے کے الزام میں اکتوبر 2022 میں پولیس نے حراست میں لیا تھا، تاہم گزشتہ برس جنوری میں انہیں ضمانت پر رہا کردیا گیا تھا مگر عدالت نے انہیں زیادتی کا مجرم قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ آئندہ سماعت پر سزا سنائی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: سری لنکن کرکٹر دانشکا پر سے جنسی زیادتی کے 3 الزامات واپس لے لیے گئے
ڈسٹرکٹ اٹارنی کی جانب سے نیشنل پینل ( کوڈ ) ایکٹ 2017 کے تحت کرکٹر کو 12 سال کی قید کی سزا سنانے کی اپیل کی گئی تھی مگر عدالت نے انہیں 8 سال کی سزا سنائی اور 1500 ڈالر کا جرمانہ بھی کیا۔
واضح رہے کہ سندیپ لمیچھانے نیپال کی قومی کرکٹ ٹیم کے اہم ترین کھلاڑیوں میں شمار ہوتے ہیں اور 51 ایک روزہ اور 52 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں اپنے ملک کی نمائندگی کرچکے ہیں۔
انہیں دونوں فارمیٹ میں نیپال کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر کا اعزاز بھی حاصل ہے۔
Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












