پاکستان وائٹ واش ہونے سے بچ گیا، آخری ٹی 20 میں نیوزی لینڈ کو ہرادیا

کرائسٹ چرچ : پاکستان نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں وائٹ واش ہونے سے بچ گیا، آخری میچ میں نیوزی لینڈ کو 42 رنز سے شکست دیدی۔
پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے آخری میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو 135 رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 17.2 اوورز میں 92 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے گلین فلپس 22 گیندوں پر 26 رنز اور اوپنر فن ایلن 19 گیندوں پر 22 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
نیوزی لینڈ کے ٹم سیفرٹ 19 اور ول ینگ 12 رنز بنا کر پویلین لوٹے جبکہ راچن رویندرا اور مارک چیمپمن صرف 1-1 رنز بنا پائے۔
پاکستان کی جانب سے افتخار احمد نے اپنے اسپیل میں 24 رنز دیکر 3 وکٹیں حاصل کیں، محمد نواز اور کپتان شاہین آفریدی نے 2-2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ زمان خان اور اسامہ میر کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے سیریز کے پانچویں میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم بیٹنگ لائن نے ایک بار پھر شائقین کو مایوس کیا اور قومی ٹیم 8 وکٹوں کے نقصان پر مقررہ 20 اوورز میں صرف 134 رنز اسکور کر پائی۔
پاکستانی اوپنر حسیب اللہ اپنے پہلے میچ میں پہلے ہی اوور میں بغیر کوئی رن بنائے ساؤتھی کی گیند پر فلپس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔
یہ بھی پڑھیں:بڑے ایونٹ جیتنے ہیں تو اس ٹیم کو وقت دینا پڑے گا
پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز اسکور کرنے والے بیٹر محمد رضوان رہے جنہوں نے 38 گیندوں پر 38 رنز اسکور کیے۔
پاکستان کی جانب سے فخر زمان 33، صاحبزادہ فرحان 19 اور پاکستان کے اسٹار بیٹر بابر اعظم صرف 13 رنز بنا سکے، آٹھوں بیٹرز نیوزی لینڈ کے کھلاڑیوں کے ہاتھوں میں کیچ تھما کر آؤٹ ہوئے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم سوتھی نے ایک میڈن اوور کے ساتھ اپنے اسپیل کے 4 اوور میں 19 رنز دیکر 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ میٹ ہینری بھی 30 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔
نیوزی لینڈ کے لوکی فرگوسن اور ایش سوڈی نے بھی 2-2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھانے میں کامیاب رہے۔
Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












