جمعرات، 23-اپریل،2026
جمعرات 1447/11/06هـ (23-04-2026م)

ایران کی قومی فٹبال ٹیم کو امریکہ میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ میں شرکت کی اجازت

23 اپریل, 2026 13:37

ایران نے اعلان کیا ہے کہ اس کی قومی فٹبال ٹیم امریکہ میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ میں شرکت کرے گی، جبکہ اس حوالے سے ٹیم کو تمام سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔

ایرانی فٹبال فیڈریشن نے ایک تاریخی اور اہم اعلان کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ ایران کی قومی فٹبال ٹیم امریکہ میں منعقد ہونے والے فیفا ورلڈ کپ میں بھرپور شرکت کرے گی۔

ایرانی حکومت نے فٹبال ٹیم کو امریکہ جانے اور ورلڈ کپ میں حصہ لینے کی باضابطہ اجازت دے دی ہے، جس کے بعد تمام تر غیر یقینی صورتحال ختم ہو گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : آبنائے ہرمز کو ایرانی بارودی سرنگوں سے صاف کرنا بڑا چیلنج بن گیا، چھ ماہ کا وقت طلب

ایرانی حکومت کا کہنا ہے کہ فٹبال ٹیم کو اس عالمی ایونٹ کی تیاریوں اور شرکت کے لیے تمام دستیاب سہولیات اور وسائل فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کر سکیں۔

ایرانی فٹبال فیڈریشن نے اپنے بیان میں واضح کیا ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان موجودہ کشیدہ سیاسی صورتحال کا کھیل سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ فیڈریشن کے مطابق کھیل امن کا پیغام دیتے ہیں اور کھلاڑیوں کو سیاسی تنازعات کا شکار نہیں بنانا چاہیے۔

یہ اعلان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے، جب ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے ایران کو ورلڈ کپ سے باہر رکھنے کی کوششیں کی جا رہی تھیں۔ ٹرمپ کے نمائندہ خصوصی نے فٹبال فیڈریشن (فیفا) سے درخواست کی تھی کہ ایران کی جگہ اٹلی کو ورلڈ کپ میں شرکت کا موقع دیا جائے، تاہم ایران کے اس تازہ اعلان نے ایسی تمام کوششوں کو ناکام بنا دیا ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق ٹیم کی ورلڈ کپ میں شرکت ٹرمپ انتظامیہ کی سفارتی اور سیاسی ناکامی کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔

فٹبال کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ایران کی شرکت سے ورلڈ کپ میں رقابت اور جوش و خروش میں اضافہ ہوگا، خاص طور پر اگر ایران اور امریکہ کا آمنا سامنا فٹبال کے میدان میں ہوتا ہے۔

ایرانی ٹیم اس وقت بھرپور فارم میں ہے اور حکومت کی سرپرستی ملنے کے بعد کھلاڑیوں کے حوصلے مزید بلند ہو گئے ہیں۔ عالمی سطح پر بھی اس فیصلے کو سراہا جا رہا ہے کہ کھیلوں کو سیاست سے الگ رکھا جانا چاہیے۔

Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔