آئی پی ایل میں گرل فرینڈز کلچر؛ بھارتی بورڈ نے کرکٹرز سے متعلق بڑا فیصلہ کرلیا

بھارتی کرکٹ بورڈ آئی پی ایل کے دوران کھلاڑیوں کے ساتھ منسلک گرل فرینڈز کلچر پر تشویش کا شکار ہو گیا ہے اور اس حوالے سے سخت اقدامات پر غور شروع کر دیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق بورڈ لیگ کے ماحول اور ساکھ کو برقرار رکھنے کے لیے نئے قواعد متعارف کرانے کی تیاری کر رہا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کھلاڑیوں کی دوستوں کی زیادہ موجودگی اور نقل و حرکت سے ٹیم ڈسپلن متاثر ہو رہا ہے۔ اسی وجہ سے بورڈ نے فیصلہ کیا ہے کہ لیگ کے دوران پارٹنرز کی سرگرمیوں کو محدود کیا جائے گا تاکہ ٹیم ماحول کو کنٹرول میں رکھا جا سکے۔
رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ کچھ کھلاڑی اپنی دوستوں کے ساتھ عوامی مقامات پر نظر آتے ہیں جبکہ بعض پارٹنرز ٹیم بسوں میں سفر اور ٹیم ہوٹلز میں قیام بھی کرتی ہیں، جس پر بورڈ نے ناراضی کا اظہار کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بعض پارٹنرز سوشل میڈیا پر سرگرم ہیں اور ان میں سے کچھ جوئے سے متعلق ایپس کی تشہیر بھی کرتی رہی ہیں، جس پر بھی تحفظات سامنے آئے ہیں۔ بورڈ کو خدشہ ہے کہ اگر اس رجحان کو نہ روکا گیا تو یہ ایک بڑا مسئلہ بن سکتا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ماضی میں بھی کھلاڑیوں اور ان کے پارٹنرز سے متعلق معاملات شکایات تک پہنچ چکے ہیں، جس کے بعد اب نظم و ضبط کو یقینی بنانے کے لیے واضح پالیسی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ ٹیموں کی نقل و حرکت میں تاخیر اور دیگر انتظامی مسائل بھی اسی وجہ سے سامنے آئے، جس نے بورڈ کو سخت فیصلے لینے پر مجبور کیا۔
ذرائع کے مطابق اس حوالے سے اینٹی کرپشن یونٹ کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے اور آئندہ اجلاس میں باقاعدہ قواعد و ضوابط سامنے لائے جائیں گے۔ یہ قوانین نہ صرف آئی پی ایل بلکہ قومی ٹیم پر بھی لاگو کیے جا سکتے ہیں۔
Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












