لیونل میسی کی شاندار ہیٹرک، ارجنٹائن نے الجزائر کو 3-0 سے ہرا دیا

ارجنٹائن کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی نے اپنے چھٹے ورلڈ کپ کے پہلے ہی میچ میں شاندار ہیٹرک کر کے اپنی ٹیم کو الجزائر کے خلاف 3-0 سے بڑی جیت دلا دی ہے۔
کینساس سٹی میں کھیلے گئے میچ میں ارجنٹائن نے ورلڈ کپ میں اپنے اعزاز کا دفاع کامیابی سے شروع کیا۔ 38 سالہ لیونل میسی نے میچ کے 8 ویں منٹ میں ہی گول کر دیا تھا، لیکن ریفری نے اسے آف سائیڈ قرار دے کر مسترد کر دیا۔
تاہم میسی کو اگلا گول کرنے میں زیادہ دیر نہیں لگی۔ انہوں نے اپنے روایتی انداز میں گیند کو گھماتے ہوئے الجزائر کے ڈی باکس کے قریب پہنچ کر اپنے بائیں پاؤں سے ایسا زوردار شاٹ مارا کہ فرانسیسی لیجنڈ زین الدین زیدان کے بیٹے اور الجزائر کے گول کیپر لوکا زیدان اسے روک نہ سکے۔
میچ کے 60 ویں منٹ میں الیکس میک الیسٹر کے شاٹ کو گول کیپر نے روکا تو گیند میسی کے پاس آئی، جس پر انہوں نے آسانی سے اپنا دوسرا گول کر دیا۔
میچ کا سب سے خوبصورت لمحہ 76 ویں منٹ میں آیا، جب میسی نے ڈی باکس کے باہر سے ایک نیچا شاٹ مارا، جو سیدھا جال میں چلا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : فٹبال ورلڈ کپ: فرانس نے سینیگال کو ہرا دیا، کائلان ایمباپے کا نیا عالمی ریکارڈ
اس گول کے ساتھ ہی میسی کی ہیٹرک مکمل ہو گئی اور وہ ورلڈ کپ کی تاریخ میں جرمنی کے میروسلاو کلوز کے ساتھ 16 گولز کر کے مشترکہ طور پر سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بن گئے۔
میسی نے جیسے ہی اپنی ہیٹرک مکمل کی، ان کے کوچ نے میچ کے 79 ویں منٹ میں انہیں آرام دینے کے لیے میدان سے باہر بلا لیا۔
اس موقع پر اسٹیڈیم میں موجود تمام شائقین نے کھڑے ہو کر تالیاں بجائیں۔ دوسری جانب الجزائر کی ٹیم پورے میچ میں بے بس نظر آئی۔ میچ کے 9 ویں منٹ میں الجزائر کے فارس شعیبی نے ایک گول کیا تھا لیکن وہ بھی آف سائیڈ کی وجہ سے تسلیم نہیں کیا گیا۔
یہ میسی کے انٹرنیشنل کیریئر کا 200 واں میچ تھا، جو انہوں نے سال 2005 میں صرف 18 سال کی عمر میں شروع کیا تھا۔ دنیا میں ان سے زیادہ میچز صرف پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو نے 229 اور کویت کے بدر المطوع نے 202 کھیلے ہیں۔
میسی نے اس ہیٹرک کے ساتھ ہی ہم عصر کھلاڑیوں کائلان ایمباپے اور ارلنگ ہالینڈ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے، جنہوں نے اپنے میچز میں 2،2 گول کیے تھے۔ ارجنٹائن کا اگلا میچ پیر کے دن آسٹریا کے خلاف ہوگا۔
Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












