جمعرات، 25-جون،2026
جمعرات 1448/01/10هـ (25-06-2026م)

میکسیکو نے چیک جمہوریہ کو 3-0 سے ہرا کر گروپ مرحلے میں کلین سوئیپ کر دیا

25 جون, 2026 12:21

میکسیکو نے چیک جمہوریہ کو 3-0 سے یکطرفہ مقابلے کے بعد شکست دے کر تاریخ میں پہلی بار ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے کے اپنے تمام 3 میچز جیت لیے ہیں، جبکہ چیک جمہوریہ ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی۔

میچ کے دوسرے ہاف میں میکسیکو نے شاندار کھیل پیش کیا اور صرف 6 منٹ کے اندر 2 گول داغ دیے۔ اپنا پہلا ورلڈ کپ کھیلنے والے 22 سالہ میٹیو چاویز نے 55 ویں منٹ میں پہلا گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی، جس کے بعد 61 ویں منٹ میں جولین کوئنز نے میچ کا دوسرا اور ٹورنامنٹ کا اپنا دوسرا گول اسکور کیا۔

میچ کے آخری لمحات یعنی دوسرے ہاف کے اضافی وقت میں الوارو فیڈالگو نے تیسرا گول کر کے میکسیکو کی جیت پر مہر لگا دی۔

یہ بھی پڑھیں : جنوبی افریقا نے جنوبی کوریا کو ہرا کر پہلی بار ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ بنا لی

اس سے قبل میکسیکو کا گروپ مرحلے میں بہترین ریکارڈ 1986 اور 2002 میں دو فتوحات اور ایک ڈرا کا تھا، اور ان دونوں مواقع پر خاویر ایگیرے ٹیم کا حصہ تھے۔

گروپ اے میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے کے بعد اب میکسیکو کی ٹیم منگل کے روز ازٹیکا اسٹیڈیم میں اگلے مرحلے کا میچ کھیلے گی۔ چیک جمہوریہ کی ٹیم 3 میچوں میں صرف ایک پوائنٹ حاصل کر کے ورلڈ کپ سے باہر ہوگئی۔

اس میچ میں میکسیکو کی فٹبال کے ماضی اور مستقبل کی جھلک بھی دیکھنے کو ملی جہاں 17 سالہ گلبرٹو مورا ورلڈ کپ کا میچ شروع کرنے والے ملک کے سب سے کم عمر کھلاڑی بنے، جبکہ 40 سالہ تجربہ کار گول کیپر گلیرمو اوچوا 77 ویں منٹ میں میدان میں اتر کر ارجنٹائن کے لیونل میسی اور پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو کے بعد 6 ورلڈ کپ کھیلنے والے دنیا کے تیسرے کھلاڑی بن گئے۔

میچ کے دوران اسٹیڈیم میں شائقین کی جانب سے نازیبا نعرے بازی بھی سنی گئی، جس پر ماضی میں فیفا میکسیکو پر لاکھوں ڈالرز کے جرمانے عائد کر چکا ہے۔

Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔