کولمبیا اور پرتگال کا میچ بغیر کسی گول کے برابر، دونوں ٹیمیں اگلے مرحلے میں داخل

ورلڈ کپ میں گروپ کے، کے ایک سنسنی خیز میچ میں کولمبیا اور پرتگال کے درمیان مقابلہ 0-0 سے برابر رہا، جس کے بعد کولمبیا گروپ میں پہلی پوزیشن پر رہا۔
میامی میں کھیلے گئے ورلڈ کپ میچ میں دونوں ٹیموں کی جانب سے گول کرنے کی 36 کوششیں کی گئیں، لیکن کوئی بھی ٹیم گیند کو جال میں پہنچانے میں کامیاب نہ ہو سکی۔
اس میچ کے نتیجے میں کولمبیا کی ٹیم جس نے اپنے پہلے 2 میچوں میں ازبکستان اور کانگو کو شکست دی تھی، 7 پوائنٹس کے ساتھ گروپ میں پہلے نمبر پر رہی جبکہ پرتگال کی ٹیم 5 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہتے ہوئے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر گئی۔
یہ بھی پڑھیں : ایرانی فٹ بال کوچ کا فیفا سے امریکہ کے غیر منصفانہ رویے کے خلاف کارروائی کا مطالبہ
میچ کے پہلے ہی منٹ میں کولمبیا کے لوئس ڈیاز اور جھون کورڈوبا نے گول کرنے کا اچھا موقع بنایا، جسے پرتگال کے گول کیپر ڈیوگو کوسٹا نے ناکام بنا دیا۔
کولمبیا کے جیمز روڈریگز اور جھون آریاس کے حملے کو پرتگال کے روبن نیوس نے گول لائن کے نیچے سے کلیئر کیا۔
پرتگال کے برونو فرنینڈس اور جوآؤ فیلکس نے بھی گول کرنے کی بھرپور کوششیں کیں لیکن کولمبیا کے گول کیپر کامیلو ورگاس دیوار بن گئے۔
میچ کے آخری لمحات میں کولمبیا کے کپتان ڈیویسن سانچیز نے شاندار ہیڈر کے ذریعے گول کر دیا تھا، لیکن لائنزمین نے اسے آف سائیڈ قرار دے دیا، جس سے کولمبیا کی خوشیاں ادھوری رہ گئیں۔
اب دوسرے نمبر پر آنے والی پرتگال کی ٹیم 3 جولائی کو ٹورنٹو میں کروشیا کے خلاف کھیلے گی جبکہ کولمبیا کا مقابلہ 4 جولائی کو کینساس سٹی میں گھانا سے ہوگا۔ اس گروپ میں کانگو 4 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے اور ازبکستان بغیر کسی پوائنٹ کے چوتھے نمبر پر رہا۔
Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











