پیر، 29-جون،2026
پیر 1448/01/14هـ (29-06-2026م)

پی سی بی بورڈ آف گورنرز نے سرپلس بجٹ منظور کرلیا، قومی اور ڈومیسٹک کھلاڑیوں کی میچ فیس میں اضافہ

29 جون, 2026 14:58

پی سی بی بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں نئے مالی سال 2026-27 کے سرپلس بجٹ اور کھلاڑیوں کی میچ فیسوں میں تاریخی اضافے کی منظوری دے دی گئی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے بورڈ آف گورنرز کا 84واں اہم اجلاس لاہور میں چیئرمین محسن نقوی کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں کرکٹ کی ترقی اور کھلاڑیوں کی فلاح کے لیے کئی بڑے فیصلے کیے گئے۔

اجلاس میں نئے مالی سال 2026-27 کے سرپلس بجٹ کی متفقہ طور پر منظوری دی گئی، جبکہ پاکستان سپر لیگ 12 کے بجٹ کو بھی پاس کیا گیا۔ اس بار پی ایس ایل کو انتظامی اور مالیاتی طور پر مکمل خود مختار بنانے کی منظوری دی گئی ہے۔

بورڈ نے ڈومیسٹک کرکٹ کے بجٹ میں ایک ارب روپے کا خطیر اضافہ کرتے ہوئے اسے 3 ارب روپے سے بڑھا کر 4 ارب روپے کرنے کا بڑا فیصلہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ویانا انٹرنیشنل روئنگ مقابلوں میں پاکستان کی شاندار کارکردگی، 7 گولڈ سمیت 12 میڈلز جیت لیے

اس کے ساتھ ہی قومی کرکٹرز کے لیے نئے سینٹرل کانٹریکٹ کے فارمیٹ، ادائیگی کے طریقے اور میچ فیس میں اضافے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔

قائد اعظم ٹرافی کھیلنے والے کھلاڑیوں کی میچ فیس 30 ہزار روپے سے بڑھا کر ایک لاکھ روپے جبکہ ریزرو کھلاڑیوں کی میچ فیس 15 ہزار سے بڑھا کر 50 ہزار روپے کردی گئی۔

اجلاس میں خواتین کے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹس کے انعقاد اور فنڈز مختص کرنے کی منظوری بھی دی گئی، جبکہ ریجنل گراؤنڈ اسٹاف کی کم از کم تنخواہ بڑھا کر 42 ہزار روپے مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پی سی بی نے ملک میں مزید 12 کرکٹ گراؤنڈز کو فعال کرنے اور ہیومن ریسورس کے لیے خصوصی فنڈز رکھنے کی منظوری دی ہے۔

اس کے علاوہ نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم کراچی اور دیگر کرکٹ انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن کے لیے 6 ارب 70 کروڑ روپے کے فنڈز رکھے گئے ہیں، اور لاہور کے ہائی پرفارمنس سینٹر میں بائیو مکینکس مشین لگانے کے لیے بھی فنڈز کی منظوری دی گئی ہے۔

اجلاس میں بورڈ آف گورنرز کے پچھلے اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی گئی اور چیف فنانشل آفیسر جاوید مرتضیٰ نے بجٹ کے اعدادوشمار پر بریفنگ دی۔

Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔