میکسیکو کی ورلڈ کپ میچ میں کامیابی کے جشن کے دوران بھگدڑ سے 4 افراد ہلاک

میکسیکو سٹی میں فٹبال ورلڈ کپ کے ایک اہم میچ میں کامیابی کے بعد سڑکوں پر ہونے والے جشن کے دوران بھگدڑ مچنے اور دم گھٹنے سے 4 افراد ہلاک ہو گئے۔
میکسیکو کی فٹبال ورلڈ کپ کے ایک میچ میں ایکواڈور کے خلاف تاریخی فتح کے بعد دارالحکومت میکسیکو سٹی میں لاکھوں شائقین سڑکوں پر نکل آئے۔
40 سالوں میں پہلی بار ناک آؤٹ میچ جیتنے کی اس خوشی کے جشن کے دوران ایک بڑا حادثہ پیش آیا، جس میں 4 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، جن میں سے 3 افراد کی موت دم گھٹنے کی وجہ سے ہوئی۔
میکسیکو سٹی کے محکمہ صحت کے مطابق بدھ کے اوائل میں ہنگامی امدادی ٹیموں نے مرکزی شاہراہ پاسیو ڈی لا ریفارما کے مختلف مقامات سے 3 بے ہوش افراد کو اسپتال منتقل کیا۔
یہ بھی پڑھیں : فیفا ورلڈ کپ سے واپسی پر ایرانی فٹبال ٹیم کا تہران میں والہانہ استقبال
اس شاہراہ پر میچ دکھانے کے لیے بڑی بڑی اسکرینیں لگائی گئی تھیں۔ امدادی ٹیموں نے ایک 19 سالہ لڑکی اور ایک 44 سالہ شخص کو بچانے کی بھرپور کوشش کی لیکن وہ دم گھٹنے کے باعث موقع پر ہی چل بسے۔
بعد میں ایک 48 سالہ خاتون بھی اسپتال میں دم گھٹنے کی وجہ سے دم توڑ گئیں۔ حکام نے چوتھی ہلاکت کی بھی تصدیق کی ہے، جو ایک 30 سالہ شخص کی تھی، جسے شدید دورے پڑنے اور اندرونی خون بہنے کے باعث اسپتال لایا گیا تھا، جہاں وہ دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک ہو گیا۔
مقامی اخبار کی رپورٹ کے مطابق یہ پٹاخوں کے چلنے سے پیدا ہونے والے خوف کی وجہ سے بھگدڑ مچی، جس کے بعد لوگوں نے بھاگنا شروع کر دیا اور کئی لوگ نیچے گر کر کچلے گئے۔
سوشل میڈیا پر شیئر ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شدید ہجوم کے دباؤ کی وجہ سے لوگ پھنسے ہوئے تھے اور ہلنے کے قابل نہیں تھے، جبکہ کئی مقامات پر شائقین آپس میں لڑائی جھگڑا اور مار پیٹ بھی کر رہے تھے۔
صدر کلاڈیا شینبام نے اس واقعے کی اعلیٰ سطح کی تحقیقات کا حکم دیا ہے تاکہ اتوار کے روز انگلینڈ کے خلاف ہونے والے اگلے میچ سے پہلے حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا جا سکے۔
Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












