فرانسیسی فٹ بالر کلیان ایمباپے کی پیراگوئے کی سینیٹر کے نسل پرستانہ تبصروں کی سخت مذمت

کلیان ایمباپے نے ورلڈ کپ میچ میں پیراگوئے کی شکست کے بعد ایک پیراگوئین خاتون سینیٹر کی جانب سے کیے گئے نسل پرستانہ تبصروں کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔
ورلڈ کپ کے راؤنڈ آف 16 میچ میں فرانس کے ہاتھوں پیراگوئے کی شکست کے بعد ایک نیا تنازع کھڑا ہو گیا ہے۔ فرانس کے اسٹار فٹ بالر کلیان ایمباپے نے پیراگوئے کی لبرل ریڈیکل پارٹی سے تعلق رکھنے والی خاتون سینیٹر سیلیسٹ اماریلا کی جانب سے کیے گئے نسل پرستانہ تبصروں کی شدید مذمت کی ہے۔
ایمباپے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر سینیٹر کو ایک ’حقیر عورت‘ قرار دیا، جو پیراگوئے کی کانگریس میں بیٹھنے کے لائق نہیں ہے۔
انہوں نے لکھا کہ سینیٹر کی اس لاپرواہی اور کھلی نسل پرستی کی وجہ سے اب پوری دنیا پیراگوئے کے کھلاڑیوں کی تاریخی محنت اور شاندار سفر کو بھول چکی ہے۔
یاد رہے کہ ہفتے کے روز ہونے والے میچ میں ایمباپے کے فیصلہ کن پنالٹی گول کی بدولت فرانس نے پیراگوئے کو شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی تھی، اس ہار کے بعد خاتون سینیٹر نے ایکس پر فرانسیسی کپتان کی نسل، پرورش، تعلیم اور شکل و صورت کا مذاق اڑایا تھا۔
شدید تنقید کے بعد پیر کی رات خاتون سینیٹر سیلیسٹ اماریلا نے سوشل میڈیا پر فرانسیسی اور ہسپانوی زبان میں ایک کھلا خط پوسٹ کیا، جس میں انہوں نے اپنا ٹویٹ ڈیلیٹ کرنے کی تصدیق کی اور کہا کہ انہیں ایمباپے سے ذاتی مسئلہ تھا نہ کہ فرانس سے۔
یہ بھی پڑھیں : کائلان ایمباپے کا پینالٹی گول، فرانس پیراگوئے کو ہرا کر کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا
انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ انہوں نے ایمباپے کے لیے وہی نسل پرستانہ الفاظ استعمال کیے، جو وہ خود ایک مخلوط نسل سے ہونے کی وجہ سے سنتی آئی ہیں۔
تاہم انہوں نے ایمباپے پر خواتین کے خلاف زبانی تشدد کا الزام لگاتے ہوئے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے اور معافی نہ مانگنے پر قانونی کارروائی کی دھمکی بھی دی ہے۔
دوسری طرف پیراگوئے کی حکومت نے بھی ایک بیان جاری کرتے ہوئے اپنی ہی سینیٹر کے تبصروں کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ یہ ملک کی اخلاقی اقدار اور انسانی وقار کے اصولوں کے خلاف ہیں اور یہ حکومتی یا عوامی مؤقف کی نمائندگی نہیں کرتے۔
فرانسیسی فٹ بال فیڈریشن نے بھی ان تبصروں کو گھناؤنا قرار دیتے ہوئے معاملے کو پراسیکیوٹرز کے پاس بھیجنے کا اعلان کیا ہے، جبکہ فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون اور وزیر کھیل مرینا فراری نے بھی اپنے کپتان کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔
صدر میکرون نے لکھا کہ ایمباپے نے نسل پرستی کے خلاف ایک اور گول کر دیا ہے اور انہیں میرا پورا تعاون حاصل ہے۔
ماضی کے پیراگوئین گول کیپر ہوزے لوس چیلاورٹ نے بھی میچ سے قبل فرانسیسی ٹیم کو افریقہ کا دستہ کہا تھا، جس پر فرانسیسی فٹ بال حکام نے کہا کہ وہ ایک عظیم کھلاڑی تھے، لیکن اب وہ اپنی عزت کھو چکے ہیں۔
Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











