ارجنٹائن کی فٹبال ٹیم کپتان میسی کے بغیر وطن واپس پہنچ گئی، ایئرپورٹ پر مداحوں کا استقبال

ورلڈ کپ فائنل میں شکست کے بعد ارجنٹائن کی ٹیم اپنے کپتان لیوینل میسی کے بغیر وطن واپس پہنچ گئی، جہاں مداحوں نے ان کا استقبال کیا۔
امریکی ریاست نیو جرسی میں ورلڈ کپ کے فائنل میں اسپین کے ہاتھوں 1-0 سے شکست کھانے کے بعد ارجنٹائن کی فٹبال ٹیم اپنے وطن واپس پہنچ گئی ہے۔
ارجنٹائن فٹبال ایسوسی ایشن نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ٹیم کے مایہ ناز کپتان لیوینل میسی اور کچھ دیگر کھلاڑی اس پرواز کا حصہ نہیں تھے اور وہ امریکہ میں ہی رک گئے ہیں۔
جب پرواز ازیزا بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اتری تو کوچ لیوینل اسکالونی اور باقی کھلاڑیوں کا لال قالین اور ملٹری بینڈ کے ساتھ استقبال کیا گیا۔
سردی اور ہلکی بارش کے باوجود ہزاروں کی تعداد میں مداح اپنے پرچم اور چھتریاں اٹھائے قومی ٹیم کے ٹریننگ کمپلیکس کے باہر جمع تھے۔
یہ بھی پڑھیں : اسپین کی ورلڈ کپ فاتح ٹیم کا میڈرڈ میں شاہی استقبال، 18 لاکھ شہریوں کی سڑکوں پر آمد
شائقین کا کہنا تھا کہ اگرچہ یہ وہ نتائج نہیں تھے، جس کی انہوں نے 2022 کی فتح کے بعد امید لگا رکھی تھی، لیکن وہ میسی اور پوری ٹیم کے مشکور ہیں، جنہوں نے ملک کو خوشیاں دیں۔
کئی شائقین نے اس بات پر زور دیا کہ سیمی فائنل میں انگلینڈ کے خلاف 2-1 سے فتح ان کے لیے سب سے بڑی خوشی تھی کیونکہ دونوں ممالک کے درمیان فالکلینڈ جزائر کی ملکیت کا پرانا تنازع موجود ہے۔
فائنل میچ ختم ہونے کے بعد بوئنس آئرس کے مشہور اوبلیسک چوک پر بھی ہزاروں لوگ جمع ہوئے اور گھنٹوں تک اپنی ٹیم کی حمایت میں نعرے بازی کی۔
تاہم دیر رات گئے کچھ مشتعل افراد اور پولیس کے درمیان جھڑپیں شروع ہو گئیں، جس پر پولیس نے صورتحال پر قابو پانے کے لیے واٹر کینن، آنسو گیس اور ربڑ کی گولیوں کا استعمال کیا۔ پولیس نے ان جھڑپوں کے دوران 15 افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔
Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












