انگلینڈ کے خلاف لارڈز ٹیسٹ کیلئے پاکستانی ٹیم میں بڑی تبدیلیاں متوقع، بابر اعظم کی واپسی کا قومی امکان

انگلینڈ کے خلاف لیڈز ٹیسٹ میں شکست کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم لارڈز میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ کے لیے لندن پہنچ گئی، جہاں بابر اعظم کی واپسی اور ٹیم میں محدود تبدیلیوں کا امکان ہے۔
لیڈز میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں بدترین شکست کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم انگلینڈ کے خلاف سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کے لیے لندن پہنچ گئی ہے۔
تاریخی میدان لارڈز میں ہونے والے اس اہم میچ کے لیے قومی ٹیم میں محدود بنیادوں پر تبدیلیاں متوقع ہیں، تاہم کرکٹ ماہرین کا ماننا ہے کہ صرف کھلاڑیوں کا انتخاب نہیں بلکہ پاکستان کی مجموعی کارکردگی ہی اصل چیلنج ہے۔
میدان کی سازگار صورتحال کو دیکھتے ہوئے ہیڈنگلے ٹیسٹ میں 3 فاسٹ بولرز اور علی عثمان پر مشتمل بولنگ لائن اتاری گئی تھی، جہاں علی عثمان نے 54 سال بعد کسی مہمان اسپنر کی حیثیت سے لیڈز میں 5 وکٹیں حاصل کرنے کا سنگ میل عبور کیا۔
بابر اعظم کی عدم موجودگی میں کپتان سلمان آغا اور دستیاب بیٹرز کو میدان میں اتارا گیا لیکن اس کے باوجود پاکستان کی بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں میں کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان کرکٹ ٹیم میں ٹیلنٹ موجود، مسئلہ اعتماد، فٹنس اور ذہنی مضبوطی کا ہے
پاکستان کی دونوں اننگز 90 اوورز سے پہلے ہی سمٹ گئیں، جس میں فاسٹ بولرز لائن اور لینتھ برقرار رکھنے میں ناکام رہے اور فیلڈنگ نے بھی مایوس کیا۔
دوسرے ٹیسٹ کے لیے متوقع تبدیلیوں میں سابق کپتان بابر اعظم کی واپسی سب سے اہم شمار کی جا رہی ہے۔ فِٹ ہونے کی صورت میں بابر کی ٹیم میں شمولیت یقینی ہے جبکہ کپتان سلمان آغا بھی قیادت کی ذمہ داری سے دستبردار ہونے کے خواہاں نظر آتے ہیں۔
بابر کی واپسی کے ساتھ بیٹنگ آرڈر میں بھی بڑی تبدیلی ہو سکتی ہے، جہاں عبداللہ شفیق سے اوپننگ کروانے پر غور کیا جا رہا ہے اور اس صورت میں امام الحق یا اذان اویس میں سے کسی ایک کو ڈراپ کیا جا سکتا ہے۔
بولنگ شعبے میں اضافی رفتار لانے کے لیے فاسٹ بولر عبید شاہ کو موقع دیئے جانے کا قومی امکان ہے۔ اس کے علاوہ ساجد خان کو بطور دوسرا اسپنر شامل کرنے کا آپشن بھی موجود ہے، لیکن اس فیصلے سے فاسٹ بولنگ کچھ کمزور پڑ سکتی ہے۔
لارڈز اور اوول کا میدان ماضی میں پاکستان کے لیے بے حد خوش قسمت رہا ہے، جہاں پاکستان نے 13 ٹیسٹ میچز میں فتوحات حاصل کر رکھی ہیں، تاہم لارڈز کے میدان پر آخری کامیابی 8 سال قبل ملی تھی۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا یہ دوسرا ٹیسٹ 27 اگست سے شروع ہوگا، جہاں سیریز میں بقا کے لیے پاکستان کو ہر شعبے میں زبردست کھیل پیش کرنا ہوگا۔
Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












