اے آئی ایپ ‘ڈیپ سیک’ کو ڈاؤن لوڈ کرنے پر پابندی عائد

اے آئی ایپ ڈیپ سیک کو ڈاؤن لوڈ کرنے پر پابندی عائد
جنوبی کوریا کی ڈیٹا پروٹیکشن اتھارٹی نے چین کی مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی ایپ ڈیپ سیک کو ڈاؤن لوڈ کرنے پر پابندی لگادی۔
غیر ملکی خبر ایجنسی رائٹرز کے مطابق اتھارٹی نے کہا ہے کہ چینی مصنوعی ذہانت ایپ ڈیپ سیک کے نئے ڈاؤن لوڈ کو ملک میں معطل کردیا گیا ہے کیونکہ ڈیپ سیک نے اعتراف کیا ہے کہ وہ ذاتی ڈیٹا کے تحفظ سے متعلق ایجنسی کے کچھ قوانین کو مدنظر رکھنے میں ناکام رہا ہے۔
پرسنل انفارمیشن پروٹیکشن کمیشن (پی آئی پی سی) نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ ملک کے پرائیویسی قانون کے مطابق بہتری آنے کے بعد ایپ کی سروس دوبارہ شروع کردی جائے گی۔
ایجنسی نے کہا کہ ہفتہ کے روز نافذ العمل ہونے والے اقدام کا مقصد ایپ کے نئے ڈاؤن لوڈ کو بلاک کرنا ہے حالانکہ ڈیپ سیک کی ویب سروس ملک میں قابل رسائی ہے۔
پی آئی پی سی کا کہنا ہے کہ چینی اسٹارٹ اپ نے گزشتہ ہفتے جنوبی کوریا میں قانونی نمائندوں کی تقرری کی تھی اور ملک کے ڈیٹا پروٹیکشن قانون کو جزوی طور پر نظر انداز کرنے کا اعتراف کیا تھا۔
اٹلی کی ڈیٹا پروٹیکشن اتھارٹی گرانٹے نے گزشتہ ماہ کہا تھا کہ اس نے ڈیپ سیک کو ملک میں اپنے چیٹ بوٹ کو بلاک کرنے کا حکم دیا ہے کیونکہ وہ اپنی پرائیویسی پالیسی پر ریگولیٹر کے خدشات کو دور کرنے میں ناکام رہا ہے۔
ڈیپ سیک نے فوری طور پر تبصرہ کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔
جنوبی کوریا کے سرکاری محکموں کی جانب سے ڈیپ سیک کو بلاک کرنے کے اقدامات کے بارے میں پوچھے جانے پر چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے 6 فروری کو ایک بریفنگ میں بتایا کہ چینی حکومت ڈیٹا پرائیویسی اور سیکیورٹی کو بہت اہمیت دیتی ہے اور قانون کے مطابق اس کا تحفظ کرتی ہے۔
ترجمان نے یہ بھی کہا کہ بیجنگ کبھی بھی کسی بھی کمپنی یا فرد کو قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ڈیٹا جمع کرنے یا ذخیرہ کرنے کے لئے نہیں کہے گا۔
Catch all the سائنس و ٹیکنالوجی News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












