پیر، 4-مئی،2026
پیر 1447/11/17هـ (04-05-2026م)

آئی ٹی کی دنیا میں پاکستان کا ڈنکا، 70 ممالک کو شکست دے کر عالمی کپ جیت لیا

04 مئی, 2026 10:50

اسپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن کے سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک میرپور نے 70 سے زائد ممالک کو پیچھے چھوڑتے ہوئے عالمی ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔

پاکستان نے ڈیجیٹل صلاحیتوں اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے میدان میں ایک ایسی بڑی کامیابی حاصل کی ہے، جس نے دنیا بھر کے ترقی یافتہ ممالک کو حیران کر دیا ہے۔

اسپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن کے سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک میرپور اور سیسکو اکیڈمی نے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرتے ہوئے سیسکو نیٹ اکیڈ کپ 2026 میں شاندار فتح حاصل کی ہے۔

اس عالمی مقابلے میں پاکستان نے 70 سے زائد ممالک کے مابین پہلی پوزیشن حاصل کر کے یہ ثابت کر دیا ہے کہ پاکستانی نوجوانوں کی آئی ٹی مہارت کسی سے کم نہیں ہے۔

یہ کامیابی اس لیے بھی غیر معمولی ہے کیونکہ پاکستان نے یورپ، مشرقِ وسطیٰ اور افریقہ کی پانچ سو سے زائد بین الاقوامی آئی ٹی اکیڈمیوں کو پیچھے چھوڑا ہے۔

سیسکو نیٹ اکیڈ کپ 2026 میں یہ تاریخی فتح پاکستان کے روشن ڈیجیٹل مستقبل کی ایک مضبوط ضمانت سمجھی جا رہی ہے۔ اس فتح کے پیچھے اسپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن کی برسوں کی محنت اور وژن شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں : گرین پاکستان انیشیٹو کا کمال، بھکر کے ریتیلے ٹیلے جدید زرعی فارم میں تبدیل

ادارے نے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان جیسے دشوار گزار علاقوں میں آئی ٹی کے سو سے زائد سیٹ اپس قائم کئے، جس کے نتیجے میں آج پاکستان عالمی سطح پر پہلی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوا ہے۔

ان سینٹرز کے قیام کا مقصد دور افتادہ علاقوں کے نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی تک رسائی فراہم کرنا تھا تاکہ وہ عالمی مارکیٹ میں اپنا لوہا منوا سکیں اور آج اس وژن نے ایک عظیم حقیقت کی شکل اختیار کر لی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اسپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن اور سیسکو اکیڈمی مشترکہ طور پر پاکستانی باصلاحیت نوجوانوں کو بہترین مواقع فراہم کر کے انہیں عالمی سطح پر نمایاں کر رہی ہیں۔

اس کامیابی سے نہ صرف ملک میں آئی ٹی کی صنعت کو فروغ ملے گا بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کا سافٹ امیج بھی بہتر ہوگا۔

اس عالمی مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ اگر درست سمت میں تربیت فراہم کی جائے تو پاکستانی نوجوان دنیا کے کسی بھی بڑے فورم پر اپنی برتری قائم کر سکتے ہیں۔

اس جیت نے پاکستان کے آئی ٹی سیکٹر کے لیے نئی راہیں کھول دی ہیں جس سے آنے والے سالوں میں ڈیجیٹل معیشت میں نمایاں بہتری کی توقع کی جا رہی ہے۔

Catch all the سائنس و ٹیکنالوجی News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔