ہفتہ، 11-جولائی،2026
ہفتہ 1448/01/26هـ (11-07-2026م)

گوگل کا اینڈرائیڈ صارفین کیلئے اہم فیچر پر کام جاری

11 جولائی, 2026 11:49

گوگل اینڈرائیڈ صارفین کے لیے ایک ایسے نئے فیچر پر کام کر رہا ہے جو فون کا بیک اپ لینے کا طریقہ مزید آسان بنا دے گا۔

 نئی رپورٹ کے مطابق مستقبل میں صارفین اپنے اینڈرائیڈ فون کا ڈیٹا کسی کلاؤڈ سروس کے بجائے براہِ راست اپنے ونڈوز کمپیوٹر پر محفوظ کر سکیں گے۔ اس فیچر کا مقصد صارفین کو زیادہ سہولت، بہتر رفتار اور اپنی فائلوں پر زیادہ کنٹرول فراہم کرنا ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ نیا سسٹم وائی فائی کے ذریعے کام کرے گا۔ جب اینڈرائیڈ فون اور ونڈوز پی سی ایک ہی وائی فائی نیٹ ورک سے منسلک ہوں گے تو منتخب تصاویر، ویڈیوز اور دیگر ضروری ڈیٹا خودکار طور پر کمپیوٹر پر بیک اپ ہونا شروع ہو جائے گا۔ اس طرح صارفین کو بار بار دستی طور پر فائلیں منتقل کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

بتایا گیا ہے کہ گوگل پلے سروسز کے تازہ ترین ورژن میں اس نئے فیچر سے متعلق ایک معلوماتی صفحہ دریافت کیا گیا ہے، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ کمپنی اس منصوبے پر خاموشی سے کام کر رہی ہے۔ اگرچہ گوگل نے ابھی اس کا باضابطہ اعلان نہیں کیا، لیکن سامنے آنے والی معلومات کے مطابق فیچر کی تیاری آخری مراحل میں ہو سکتی ہے۔

اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے صارفین کو اپنے ونڈوز کمپیوٹر میں Quick Share ایپ کو فعال کرنا ہوگا۔ اس کے علاوہ فون اور کمپیوٹر دونوں میں ایک ہی گوگل اکاؤنٹ سے لاگ اِن ہونا لازمی ہوگا۔ اس کے بعد صارف اپنی مرضی کے مطابق تصاویر، ویڈیوز یا دیگر منتخب فائلوں کو خودکار بیک اپ کے لیے منتخب کر سکے گا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ابتدائی مرحلے میں سام سنگ کے اسمارٹ فونز کو اس فیچر میں شامل نہیں کیا گیا۔ ماہرین کے مطابق اس کی ممکنہ وجہ سام سنگ کی اپنی Smart Switch ایپ ہے، جو پہلے ہی ڈیٹا بیک اپ اور منتقلی کی متعدد سہولیات فراہم کرتی ہے۔ تاہم اس ایپ میں مکمل خودکار وائی فائی بیک اپ کا آپشن موجود نہیں۔

اطلاعات کے مطابق سام سنگ کے علاوہ دیگر بیشتر اینڈرائیڈ فونز میں یہ فیچر دستیاب ہونے کا امکان ہے۔ اس سے ایسے صارفین کو خاص فائدہ ہوگا جو کلاؤڈ اسٹوریج استعمال نہیں کرنا چاہتے یا اپنی فائلیں مقامی طور پر کمپیوٹر میں محفوظ رکھنا پسند کرتے ہیں۔

Catch all the سائنس و ٹیکنالوجی News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔