پاکستان میں مقامی سطح پر فائیو جی موبائل فونز کی تیاری میں نمایاں اضافہ

PTA Brings Great Mobile News
پاکستان میں فائیو جی ٹیکنالوجی کی جانب پیش رفت کے ساتھ مقامی سطح پر فائیو جی موبائل فونز کی تیاری میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی دستاویزات کے مطابق ملک میں رجسٹرڈ فائیو جی موبائل فونز کی تعداد بڑھ کر 38 لاکھ 10 ہزار تک پہنچ گئی ہے، جو جدید موبائل ٹیکنالوجی کی جانب صارفین کے بڑھتے ہوئے رجحان کی عکاسی کرتی ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق ملک میں فائیو جی سروس سے مکمل فائدہ اٹھانے کے لیے صارفین کے پاس فائیو جی سے مطابقت رکھنے والے اسمارٹ فونز کا ہونا ضروری ہوگا۔ بعض موبائل ڈیوائسز میں فائیو جی سروس فعال کرنے کے لیے سافٹ ویئر اپ ڈیٹ بھی درکار ہوگی، جس کے بعد صارفین نئی ٹیکنالوجی سے بھرپور فائدہ حاصل کر سکیں گے۔
دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں مقامی سطح پر فائیو جی موبائل فونز کی پیداوار مسلسل بڑھ رہی ہے۔ سام سنگ، ویوو، اوپو، زیڈ ٹی ای، انفینکس اور ٹیکنو سمیت کئی معروف برانڈز کے فائیو جی اسمارٹ فونز اب ملک کے اندر تیار کیے جا رہے ہیں۔ صرف اپریل 2026 کے دوران ایک لاکھ 62 ہزار 40 فائیو جی موبائل فونز مقامی طور پر تیار کیے گئے، جبکہ مئی 2026 تک مقامی سطح پر تیار ہونے والی فائیو جی ڈیوائسز کی مجموعی تعداد 9 لاکھ 61 ہزار 326 تک پہنچ گئی۔
اعداد و شمار کے مطابق سام سنگ مقامی سطح پر تیار ہونے والے فائیو جی فونز میں سب سے آگے رہا، جس کی 3 لاکھ 96 ہزار 268 ڈیوائسز پاکستان میں تیار کی گئیں۔ مقامی پیداوار میں اضافے سے صارفین کو نسبتاً کم قیمت پر جدید اسمارٹ فونز دستیاب ہوں گے، جبکہ ملکی موبائل فون انڈسٹری کو بھی فروغ ملے گا۔
پی ٹی اے کی رپورٹ میں مختلف موبائل آپریٹرز کی متوقع فائیو جی رفتار کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ دستاویز کے مطابق جاز کی اوسط فائیو جی ڈاؤن لوڈ اسپیڈ 135.42 ایم بی پی ایس ریکارڈ کی گئی، جبکہ یوفون کی اوسط رفتار 133.65 ایم بی پی ایس اور زونگ کی 108.66 ایم بی پی ایس رہی۔
پی ٹی اے نے واضح کیا ہے کہ ملک بھر میں موبائل نیٹ ورکس کے معیار کی نگرانی جدید روہڈ اینڈ شوارز کوالٹی مانیٹرنگ سسٹم کے ذریعے کی جا رہی ہے تاکہ صارفین کو بہتر سروس فراہم کی جا سکے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی مارچ 2026 میں مکمل کی گئی تھی، جس کے بعد ملک میں فائیو جی انفراسٹرکچر کی تیاری اور مقامی سطح پر جدید موبائل فونز کی پیداوار میں نمایاں تیزی دیکھنے میں آئی ہے۔
Catch all the سائنس و ٹیکنالوجی News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










