جمعرات، 23-جولائی،2026
جمعرات 1448/02/09هـ (23-07-2026م)

اوپن اے آئی کے بائیو سیکیورٹی پروگرام میں پاکستانی ریسرچرز کیلئے 50 ہزار ڈالر جیتنے کا موقع

18 جولائی, 2026 10:47

مصنوعی ذہانت کی معروف کمپنی اوپن اے آئی نے پاکستانی ریسرچرز، سائبر سیکیورٹی ماہرین اور بائیو سیکیورٹی کے شعبے سے وابستہ افراد کے لیے ایک اہم موقع فراہم کر دیا ہے۔

 کمپنی نے اپنے خصوصی بائیو بگ باؤنٹی پروگرام کے تحت انعامی رقم بڑھا کر 50 ہزار امریکی ڈالر کر دی ہے۔ پاکستانی کرنسی میں یہ رقم تقریباً ایک کروڑ 40 لاکھ روپے بنتی ہے۔ اس پروگرام میں پاکستان کو بھی اہل ممالک کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے، جس کے بعد ملک کے ماہرین بھی اس عالمی پروگرام میں شرکت کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔

اوپن اے آئی کے مطابق اس پروگرام کا مقصد کمپنی کے جدید ترین اے آئی ماڈلز کو حیاتیاتی خطرات اور ممکنہ غلط استعمال سے محفوظ بنانا ہے۔ اس مقصد کے لیے تجربہ کار ماہرین کو مدعو کیا جا رہا ہے تاکہ وہ سیکیورٹی نظام کا جائزہ لیں اور اگر کوئی ایسی کمزوری موجود ہو جس کے ذریعے حفاظتی اقدامات کو مستقل طور پر نظرانداز کیا جا سکے تو اس کی نشاندہی کریں۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ اس پروگرام میں صرف عام سوالات کے ذریعے سسٹم کو چکمہ دینا کافی نہیں ہوگا۔ امیدواروں کو ایسی تکنیک یا پرامپٹ تلاش کرنا ہوگا جو بائیو سیکیورٹی سے متعلق حفاظتی فلٹرز کو مکمل طور پر بائی پاس کر سکے۔ ایسی کامیاب دریافت کو "یونیورسل جیل بریک” کہا جاتا ہے، جس پر سب سے زیادہ انعام دیا جائے گا۔

اوپن اے آئی نے واضح کیا ہے کہ یہ پروگرام ہر صارف کے لیے دستیاب نہیں۔ صرف وہ افراد درخواست دے سکتے ہیں جنہیں اے آئی ریڈ ٹیمنگ، سائبر سیکیورٹی، بائیو سیکیورٹی یا متعلقہ تکنیکی شعبوں میں عملی تجربہ حاصل ہو۔ کمپنی پہلے تمام درخواستوں کا جائزہ لے گی اور پھر منتخب امیدواروں کو پروگرام میں شامل ہونے کی دعوت دے گی۔

درخواست دینے کے لیے امیدوار کو اوپن اے آئی کے مخصوص پورٹل پر اپنی معلومات جمع کروانا ہوں گی۔ درخواست میں نام، ملک، ادارے یا تنظیم سے وابستگی اور متعلقہ تجربے کی تفصیلات درج کرنا ضروری ہوگا۔ اس کے علاوہ امیدوار کے پاس فعال چیٹ جی پی ٹی اکاؤنٹ بھی ہونا لازمی شرط ہے۔

اوپن اے آئی کے مطابق جن امیدواروں کا انتخاب ہوگا، انہیں پروگرام میں شامل ہونے سے پہلے نان ڈسکلوژر ایگریمنٹ (NDA) پر دستخط کرنا ہوں گے۔ اس معاہدے کے تحت پروگرام سے متعلق معلومات کو خفیہ رکھا جائے گا اور انہیں صرف مقررہ اصولوں کے مطابق ہی استعمال کیا جا سکے گا۔

کمپنی نے یہ بھی بتایا ہے کہ GPT-5.5 ماڈل پر سیکیورٹی ٹیسٹنگ کی آخری تاریخ 27 جولائی 2026 مقرر کی گئی ہے۔ اس تاریخ کے بعد پروگرام صرف نئے فلیگ شپ ماڈل GPT-5.6 پر مرکوز ہوگا۔ اس لیے دلچسپی رکھنے والے ماہرین کے لیے بروقت درخواست دینا اور مقررہ وقت میں اپنی تحقیق مکمل کرنا ضروری ہوگا۔

انعامی رقم کے حوالے سے اوپن اے آئی کا کہنا ہے کہ اگر کوئی ریسرچر GPT-5.5 یا GPT-5.6 میں کامیاب یونیورسل جیل بریک دریافت کر لیتا ہے تو اسے مکمل 50 ہزار امریکی ڈالر دیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ اگر کسی ماہر کی تحقیق سے اہم لیکن جزوی سیکیورٹی خامیوں کی نشاندہی ہوتی ہے تو کمپنی اپنی پالیسی کے مطابق اسے بھی مالی انعام دے سکتی ہے۔

Catch all the سائنس و ٹیکنالوجی News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔