جمعرات، 23-جولائی،2026
جمعرات 1448/02/09هـ (23-07-2026م)

سندھ حکومت کا سوشل میڈیا پر گمراہ کن پروپیگنڈے کی روک تھام کیلئے خصوصی سیل بنانے کا فیصلہ

22 جولائی, 2026 14:47

سندھ حکومت نے سوشل میڈیا پر منفی، گمراہ کن اور غلط معلومات کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے صوبائی سطح پر خصوصی سیل قائم کرنے کے اقدامات کا فیصلہ کر لیا ہے۔

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ اطلاعات کا اہم اجلاس ہوا، جس میں سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈے، گمراہ کن معلومات اور ملکی مفادات کے خلاف چلنے والی مہمات کو روکنے کے لیے حکمت عملی پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں سیکریٹری اطلاعات کاشف گلزار شیخ، ڈی جی انفارمیشن معز پیرزادہ، ڈائریکٹرز محمد یوسف کابورو، حزب اللہ میمن اور دیگر افسران شریک ہوئے۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بعض عناصر ملک اور قومی مفادات کے خلاف گمراہ کن معلومات پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں، جن کی روک تھام اور مؤثر محاسبے کے لیے صوبائی سطح پر خصوصی سیل کا قیام ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ جھوٹی خبروں اور منفی پروپیگنڈے کا بروقت اور مؤثر تدارک وقت کی اہم ضرورت ہے، جبکہ گمراہ کن معلومات پھیلانے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ناگزیر ہے۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت سائبر جرائم کی روک تھام اور درست معلومات کے فروغ کے لیے خصوصی اقدامات کرے گی تاکہ عوام تک حقائق پر مبنی معلومات پہنچائی جا سکیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ اظہارِ رائے کی آزادی ہر شہری کا آئینی حق ہے، تاہم آزادیِ اظہار کی آڑ میں جھوٹے اور گمراہ کن پروپیگنڈے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومت سندھ قومی مفادات کے تحفظ، ذمہ دارانہ اطلاعات کے فروغ اور سوشل میڈیا کے مثبت استعمال کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔

Catch all the سائنس و ٹیکنالوجی News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔