پی ٹی اے نے سمز سے متعلق موبائل فون صارفین کو خبردار کردیا

PTA Issues Major SIM Warning
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے موبائل فون صارفین کو سمز کے استعمال سے متعلق اہم تنبیہ جاری کر دی ہے۔
اتھارٹی نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ اپنی شناخت پر رجسٹرڈ سم کسی دوسرے شخص کے حوالے کرنا قانونی طور پر سنگین مسئلہ بن سکتا ہے۔ اگر اس سم کو کسی غیرقانونی سرگرمی کے لیے استعمال کیا جائے تو اس کا نقصان سم کے اصل مالک کو بھی اٹھانا پڑ سکتا ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق شہریوں کو چاہیے کہ وہ اپنے نام پر رجسٹرڈ تمام موبائل سمز کا ریکارڈ ضرور چیک کریں۔ صارفین یہ معلومات آن لائن سسٹم کے ذریعے حاصل کر سکتے ہیں۔ اس کے لیے شہری cnic.sims.pk پر جا کر اپنے شناختی کارڈ کے ذریعے سمز کی تفصیلات معلوم کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ شناختی کارڈ نمبر بغیر ڈیش کے 668 پر ایس ایم ایس کرکے بھی رجسٹرڈ سمز کی تعداد معلوم کی جا سکتی ہے۔
اتھارٹی نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ اگر ان کے نام پر کوئی ایسی سم رجسٹرڈ ہے جسے وہ استعمال نہیں کرتے یا جس کے بارے میں انہیں علم نہیں، تو اسے فوری طور پر بلاک کروایا جائے۔ غیر ضروری یا نامعلوم سمز کو فعال چھوڑنا مستقبل میں مشکلات کا سبب بن سکتا ہے۔ شہریوں کو چاہیے کہ وہ اپنے شناختی کارڈ پر جاری ہونے والی سمز کی باقاعدگی سے جانچ کرتے رہیں۔
پی ٹی اے نے نئی سم حاصل کرنے کے حوالے سے بھی صارفین کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ نئی سم ہمیشہ کسی مستند فرنچائز یا متعلقہ موبائل کمپنی کے کسٹمر سروس سینٹر سے حاصل کی جائے۔ شہری کسی غیرمصدقہ شخص یا غیر قانونی ذریعے سے سم لینے سے گریز کریں۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ ہر شہری کو یہ بھی یقینی بنانا چاہیے کہ اس کی اجازت کے بغیر اس کے شناختی کارڈ پر کوئی نئی سم رجسٹرڈ نہ ہو۔ اگر کسی صارف کو اپنے نام پر ایسی سم کا علم ہو جسے اس نے خود حاصل نہیں کیا تو اسے فوری طور پر متعلقہ کمپنی سے رابطہ کرکے اسے بند کروانا چاہیے۔
اتھارٹی نے شہریوں کو مفت سم یا کسی غیرضروری پیشکش کے نام پر بائیومیٹرک تصدیق کروانے سے بھی خبردار کیا ہے۔ جعلساز افراد شہریوں کی ذاتی معلومات اور بائیومیٹرک تصدیق کا غلط استعمال کرتے ہوئے ان کے نام پر اضافی سم جاری کروا سکتے ہیں۔ اس لیے صارفین کو چاہیے کہ اپنی شناختی معلومات اور بائیومیٹرک تصدیق صرف مستند اور مجاز مراکز پر ہی کروائیں۔
Catch all the سائنس و ٹیکنالوجی News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












