پاکستانی طلبہ کے لیے گوگل جیمنائی کی ایک سال مفت سبسکرپشن کا اعلان

اسلام آباد: پاکستانی طلبہ کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آگئی، گوگل نے ملک بھر کے طلبہ کو گوگل جیمنائی کی ایک سالہ مفت سبسکرپشن فراہم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
گوگل کے نائب صدر ولسن وائٹ کے مطابق پاکستان کے تمام طلبہ کے لیے گوگل جیمنائی کی سبسکرپشن ایک سال تک مفت فراہم کی جائے گی، جس کا باضابطہ اعلان اسی ہفتے کے آخر میں متوقع ہے۔
یاد رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے گزشتہ روز پاکستان میں گوگل کے دفتر کا افتتاح کیا تھا، جس کے بعد پاکستان اور گوگل کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینے کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
گوگل کے نائب صدر ولسن وائٹ نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کا پاکستان کو 30 ارب ڈالر کی آئی ٹی برآمدات کا مرکز بنانے کا ہدف گوگل کے مقاصد سے بھی مطابقت رکھتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 10 برس کے دوران گوگل نے پاکستان کے مقامی کاروباروں اور گھرانوں کے لیے 3.9 ٹریلین روپے سے زائد کی معاشی سرگرمی میں کردار ادا کیا، جبکہ اس کے نتیجے میں 9 لاکھ 60 ہزار سے زیادہ ملازمتوں کو سہارا ملا۔
ولسن وائٹ کا کہنا تھا کہ یہ تو صرف ابتدا ہے اور پاکستان میں ٹیکنالوجی کے شعبے میں مزید مواقع موجود ہیں۔
دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف نے گوگل کے نائب صدر ولسن وائٹ اور ان کی ٹیم کا پاکستان آمد پر خیرمقدم کیا اور کہا کہ پاکستان گوگل کے لیے ایک اہم اور خوبصورت نئے سفر کا آغاز ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ گوگل دنیا کی معروف ٹیکنالوجی کمپنیوں میں شامل ہے اور پاکستان میں اس کے لیے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ گوگل پاکستان کے نوجوانوں اور ٹیکنالوجی کے شعبے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔
انہوں نے پاکستان اور گوگل کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
Catch all the سائنس و ٹیکنالوجی News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












