جمعہ، 21-اگست،2026
جمعہ 1448/03/08هـ (21-08-2026م)

پارسل کی ترسیل کے نام پر واٹس ایپ ہیکنگ کا نیا فراڈ سامنے آگیا

21 اگست, 2026 12:15

پارسل کی ترسیل اور پتے کی تصدیق کے بہانے شہریوں کے واٹس ایپ اکاؤنٹس ہیک کرکے ان کے رشتہ داروں اور دوستوں سے رقم بٹورنے والے سائبر فراڈ کا نیا طریقہ سامنے آیا ہے۔

جعل ساز گروہ خود کو معروف کوریئر کمپنی کا نمائندہ ظاہر کرتے ہیں اور شہریوں کو فون کرکے انہیں یقین دلاتے ہیں کہ ان کا پارسل ڈیلیوری کے لیے موجود ہے۔ اس کے بعد جعل ساز پتے کی تصدیق یا پارسل کی ترسیل مکمل کرنے کے نام پر شہری کے موبائل فون پر آنے والے ایک تصدیقی کوڈ کا مطالبہ کرتے ہیں۔

درحقیقت یہ کوڈ واٹس ایپ اکاؤنٹ کی تصدیق اور نئے ڈیوائس پر رجسٹریشن کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ جیسے ہی شہری واٹس ایپ پر موصول ہونے والا تصدیقی کوڈ فون کرنے والے شخص کو بتاتا ہے، جعل ساز اسی موبائل نمبر پر اپنے ڈیوائس میں واٹس ایپ رجسٹر کرکے اکاؤنٹ کا کنٹرول حاصل کر لیتے ہیں۔

اکاؤنٹ پر قبضہ کرنے کے بعد جعل ساز متاثرہ شخص کے واٹس ایپ میں موجود رابطوں کو نشانہ بناتے ہیں۔ وہ رشتہ داروں، دوستوں، ساتھیوں اور دیگر جاننے والوں کو پیغامات بھیج کر خود کو متاثرہ شخص ظاہر کرتے ہیں اور کسی ہنگامی ضرورت یا مالی مشکل کا بہانہ بنا کر فوری رقم منتقل کرنے کی درخواست کرتے ہیں۔

شہری کیسے محفوظ رہ سکتے ہیں؟

شہریوں کو چاہیے کہ واٹس ایپ کا تصدیقی کوڈ کسی بھی شخص کے ساتھ شیئر نہ کریں، چاہے فون کرنے والا خود کو کسی کوریئر کمپنی، بینک یا کسی دوسرے ادارے کا نمائندہ ہی کیوں نہ ظاہر کرے۔

اگر کسی پارسل کی ترسیل سے متعلق فون آئے تو متعلقہ کوریئر کمپنی سے اس کی تصدیق اس کے سرکاری ذرائع سے کی جائے۔ کسی اجنبی کی جانب سے موصول ہونے والی ہدایات پر عمل کرنے کے بجائے پہلے معاملے کی مکمل تصدیق کرنا ضروری ہے۔

اسی طرح اگر کسی دوست یا رشتہ دار کے واٹس ایپ نمبر سے اچانک رقم کی درخواست موصول ہو تو رقم بھیجنے سے پہلے براہِ راست فون کرکے اس شخص سے تصدیق ضرور کرلیں۔

یاد رکھیں، واٹس ایپ کا تصدیقی کوڈ کسی کے ساتھ شیئر کرنا آپ کے اکاؤنٹ کا کنٹرول دوسروں کے ہاتھ میں دے سکتا ہے، اس لیے معمولی سی احتیاط بڑے مالی نقصان سے بچا سکتی ہے۔

Catch all the سائنس و ٹیکنالوجی News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔