جمعہ، 22-مئی،2026
جمعہ 1447/12/05هـ (22-05-2026م)

دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی کاوشوں کے صدر ٹرمپ بھی معترف

05 مارچ, 2025 08:13

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی کاوشوں کو سراہا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کانگریس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکا پھر سے میدان میں آگیا ہے، امریکا پہلے سے بہتر انداز میں آگے بڑھ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیمو کریٹ میرے لیے کھڑے نہیں ہوں گے، زہریلی نسلی پالیسی ختم کردی، ہم نے ڈیڑھ ماہ میں جتنا کام کیا اتنا دیگر نے 4 سالوں میں کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈیمو کریٹ کے چہرے پر مسکراہٹ لانے کیلئے کچھ نہیں کرسکتا۔

امریکا کے ڈیموکریٹک رکن کانگریس آل گرین کی جانب سے صدر کی تقریر کے دوران احتجاج کرنے پر ڈیموکریٹک رکن کو کانگریس سے نکال دیا گیا، امریکا کے کئی ڈیموکریٹک اراکین کے ہاتھوں میں "جھوٹا” کا پلے کارڈ تھا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ پچھلی انتظامیہ سے معاشی تباہی اور افراط زر کا ڈراؤنا خواب ملا، معیشت کی بحالی میری اولین ترجیحات میں سے ایک ہے، میری قیادت میں امریکا ناقابلِ تسخیر ہے، ڈیموکریٹ کو دعوت دیتا ہوں ملکر امریکا کو عظیم بنائیں۔

صدر کا کہنا تھا کہ اقتدار میں آنے کے بعد امریکا میں غیر قانونی مقیم افراد کیخلاف اقدامات کیے، توانائی کی قیمتوں میں کمی کی، پاور پلانٹ کھول رہے ہیں، میں نے اسی لیے نیشنل انرجی ایمرجنسی نافذ کی، معدنیات کی پیداوار کو بڑھانے کیلئے تاریخی اقدامات کروں گا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈبلیو ایچ او کو کرپٹ ترین قرار دے دیا۔

انہوں نے کہا کہ امریکا کی عوام کا پیسہ امداد میں ضائع کیا گیا، 6 ہفتوں میں 100 سے زائد ایگزیکٹو آرڈرز جاری کیے، بائیڈن کی تمام ماحولیاتی پابندیوں کو ختم کردیا، کرپٹ عالمی ادارہ صحت سے بھی الگ ہوگئے، غیر منصفانہ پیرس معاہدے سے بھی امریکا الگ ہوگیا، تمام غیر ملکی امداد کو منجمد، مضحکہ خیز نیوگرین اسکیم کو بھی ختم کردیا۔

ان کا کہنا تھا کہ بائیڈن کے دور میں انڈوں سمیت ہر چیز کنٹرول سے باہر تھی، ایک ماہ میں لاکھوں  تارکین وطن سرحد کراس کرتے تھے، تارکین وطن میں قاتل، گینگ ممبرز اور منشیات فروش شامل تھے۔

امریکی صدر نے وزیر صحت رابرٹ کینیڈی کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

عالمی امداد بند کیے جانے سے متعلق صدر کے بیان پر اراکین نے ایلون مسک کو خراجِ تحسین پیش کیا جبکہ کانگریس کی گیلری میں موجود ایلون مسک نے اراکین کانگریس سے اظہار تشکر کیا۔

ٹرمپ نے کہا کہ ہم اپنا قرض گولڈ کارڈ لینے والوں کی رقم سے اتاریں گے، 5 ملین ڈالر سے گولڈ کارڈ جاری کرینگے جو گرین کارڈ سے بہتر ہوگا، شرح سود میں کمی لائیں گے، بجٹ میں توازن لائیں گے، تبدیلی کی راہ میں حائل بیورو کریٹ کو نکال دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ امداد کے طور پر دیا گیا پیسہ واپس لاکر مہنگائی کم کرنے کیلئے استعمال کرینگے، امریکا میں چیزیں نہیں تیار کریں گے تو ٹیرف دینا پڑے گا، 2 اپریل سے جو ملک امریکا پر ٹیکس لگائے گا ہم جوابی ٹیکس لگائیں گے، کینیڈا کو سبسڈی دیتے ہیں، اب ایسا نہیں ہوگا، نئی تجارتی پالیسی سے کسانوں کو فائدہ ہوگا کوئی مقابلہ نہیں کرسکے گا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند ہفتوں میں ٹریلین ڈالرز کی امریکا میں سرمایہ کاری ہوئی، دنیا بھر کے ممالک نے ہمیں ماضی میں کئی دہائیوں تک لوٹا ہے، غیر قانونی تارکین وطن نے کئی ریاستوں کو تباہ کردیا، کینیڈا اور میکسیکو کو اربوں کی سبسڈی دی جو کہ اب نہیں ملے گی، گولڈ کارڈ جلد پیش کردیا جائے گا، جو اس کی قیمت ادا کرے گا اس کو امریکا کی سٹیزن شپ دی جائیگی، گولڈ کارڈ رکھنے والوں کی وجہ سے ہمارے قرضوں میں کمی آئیگی، ہمارا جذبہ اور ارادے پہلے سے زیادہ پختہ ہیں، امریکا دوبارہ مضبوط ہونے کی طرف گامزن ہے۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ 2024 کا الیکشن ایسا مینڈیٹ تھا جو پہلے کبھی نہیں دیکھا گیا، اس الیکشن میں ساری سوئنگ اسٹیٹ میں کامیابی حاصل کی۔

انہوں نے کہا کہ کینیڈا اور میکسیکو کو امریکا میں منشیات کی اسمگلنگ روکنا ہوگی، میکسیکن گینگ اسی فہرست میں ہے جس میں داعش ہے، غیر قانونی امیگرینٹس کیخلاف امریکی تاریخ کا سخت ترین کریک ڈاؤن جاری ہے، ہم غیر قانونی امیگرینٹس کو نکالیں گے، بائیڈن کی اوپن بارڈر پالیسی تھی، 4 سال میں 21 ملین افراد امریکا آئے۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے اعلان کرکے خوشی ہے کہ افغانستان میں دہشت گردی کا بڑا ذمہ دار پکڑا گیا، انتہا پسند دہشت گردی کے خلاف ہیں، افغانستان میں امریکیوں کو قتل کرنیوالا اس وقت امریکا لایا جارہا ہے، اس دہشت گرد کی گرفتاری میں مدد کیلئے پاکستان کے شکرگزار ہیں، ساڑھے 3 سال پہلے داعش نے 13 امریکیوں کو افغانستان میں قتل کیا۔

خیال رہے کہ پاکستان نے امریکی انٹیلیجینس لیڈ کے بعد افغانستان کے شہری اور سینیئر داعش کمانڈر محمد شریف اللہ کو پاک افغان بارڈر ایریا سےگرفتار کیا تھا، داعش کمانڈر محمد شریف اللہ 2021 میں کابل ایئرپورٹ پر حملے کا ماسٹر مائنڈ تھا، کابل ایئرپورٹ پر حملے کے دوران 13 امریکی فوجی مارے گئے تھے، داعش کمانڈر محمد شریف اللہ عرف جعفر کو پاکستانی اداروں نے اسپیشل آپریشن کے دوران حراست میں لیا، 26 اگست 2021 کے حملے کے باعث داعش کمانڈر محمد شریف اللہ امریکی انٹیلیجنس کا ہائی ویلیو ٹارگٹ تھا، کمانڈر شریف اللہ کی گرفتاری پاکستان اور ٹرمپ انتظامیہ کے انٹیلیجنس اور انسداد دہشت گردی کے حوالے سے تعاون کا مظہر ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔