میانمار اور تھائی لینڈ میں 7.7 شدت کے زلزلے سے تباہی، سیکڑوں افراد لاپتہ

میانمار اور تھائی لینڈ میں 7.7 شدت کے زلزلے سے تباہی، سیکڑوں افراد لاپتہ
میانمار اور تھائی لینڈ کو زلزلے کے واقعات کا سامنا کرنا پڑا، جنوب مشرقی ایشیائی خطے میں لگاتار دو بڑے زلزلے آئے۔ پہلے زلزلے کی شدت 7.7 ریکارڈ کی گئی جبکہ 12 منٹ بعد 6.4 شدت کے دوسرے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
زلزلے کے دور رس اثرات مرتب ہوئے اور زلزلے کے جھٹکے سیکڑوں میل دور تھائی لینڈ کے شہر بنکاک میں بھی محسوس کیے گئے۔
تھائی لینڈ کے دارالحکومت میں زلزلے کے اثرات ڈرامائی طور پر ایک نامکمل 30 منزلہ عمارت کے منہدم ہونے سے ظاہر ہوئے، جہاں اس وقت پچاس تعمیراتی کارکن موجود تھے۔
ان مزدوروں میں سے صرف سات ہی بچ نکلنے میں کامیاب رہے جبکہ 43 ابھی بھی ملبے میں دبے ہوئے ہیں جس کے بعد مقامی حکام کی جانب سے بڑے پیمانے پر ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا ہے۔
تھائی لینڈ کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ایمرجنسی میڈیسن کا کہنا ہے کہ کم از کم ایک شخص ہلاک اور درجنوں مزدوروں کو فلک بوس عمارت کے ملبے سے نکال لیا گیا ہے۔
امریکی جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) کے مطابق زلزلے کی شدت 7.7 ریکارڈ کی گئی اور اس کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی جس کے بعد ایک طاقتور آفٹر شاک آیا۔
زلزلے کا مرکز میانمار کے شہر منڈلے سے 17.2 کلومیٹر کے فاصلے پر تھا، جس کی آبادی تقریبا 15 لاکھ ہے۔
میانمار کے حکام کی جانب سے فوری طور پر نقصانات کے بارے میں کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔
میانمار فائر سروسز ڈپارٹمنٹ کے ایک افسر نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ ‘ہم نے تلاش شروع کر دی ہے اور ہلاکتوں اور نقصانات کا جائزہ لینے کے لیے ینگون کے ارد گرد جا رہے ہیں۔ ابھی تک ہمارے پاس کوئی جانکاری نہیں۔
میانمار کے قدیم شاہی دارالحکومت منڈلے سے سوشل میڈیا پوسٹس میں منہدم عمارتوں اور ملبے کو شہر کی سڑکوں پر بکھرے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
شہر کے ایک عینی شاہد نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ ہم سب گھر سے باہر بھاگ گئے کیونکہ سب کچھ ہلنے لگا۔ میں نے اپنی آنکھوں کے سامنے ایک پانچ منزلہ عمارت کو گرتے دیکھا۔ میرے شہر میں ہر کوئی سڑک پر ہے اور کسی میں بھی عمارتوں کے اندر واپس جانے کی ہمت نہیں۔
شہر کے ایک اور عینی شاہد ہیت نینگ او نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ چائے کی ایک دکان منہدم ہو گئی اور اس کے اندر کئی افراد پھنسے ہوئے ہیں۔، صورتحال اتنی خراب ہے کہ ہم اندر نہیں جا سکتے تھے۔
چین کی خبر رساں ایجنسی ژنہوا کا کہنا ہے کہ میانمار کی سرحد سے متصل جنوب مغربی صوبے یوننان میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












