منگل، 14-اپریل،2026
منگل 1447/10/26هـ (14-04-2026م)

ترکیہ کے اسکول میں سابق طالب علم کی فائرنگ، 16 افراد زخمی، حملہ آور کی خودکشی

14 اپریل, 2026 14:51

ترکیہ میں ایک سابق طالب علم نے اسکول میں داخل ہو کر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں پولیس افسر اور اساتذہ سمیت 16 افراد زخمی ہو گئے۔

ترکیہ کے جنوب مشرقی صوبے شانلی عرفا کے شہر سیوریک میں ایک پیشہ ورانہ ہائی اسکول کے سابق طالب علم نے فائرنگ کر کے پورے ملک کو صدمے میں مبتلا کر دیا ہے۔

شاٹ گن سے مسلح 18 سالہ حملہ آور اسکول کی عمارت میں داخل ہوا اور وہاں موجود افراد پر بلا امتیاز گولیاں برسانا شروع کر دیں، جس کے نتیجے میں 16 افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں 10 طلبہ، 4 اساتذہ، اسکول کینٹین کا ایک ملازم اور ایک پولیس افسر شامل ہے۔

صوبائی گورنر حسن سلداک نے میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ فائرنگ کے بعد حملہ آور اسکول کی عمارت کے اندر ہی چھپ گیا تھا۔ پولیس کے خصوصی دستوں نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر عمارت کا محاصرہ کیا اور تمام طلبہ کو باحفاظت وہاں سے نکالا۔

یہ بھی پڑھیں : کیا ایران کی جنگ ترکیہ کو دوبارہ سلطنتِ عثمانیہ کی طرح طاقتور بنا دے گی؟

ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے حملہ آور کو ہتھیار ڈالنے اور خود کو قانون کے حوالے کرنے کا موقع دیا، تاہم اس نے گرفتاری دینے سے انکار کر دیا اور جب اسے ایک کونے میں گھیر لیا گیا تو اس نے اسی شاٹ گن سے اپنے آپ کو گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔

گورنر کے مطابق زیادہ تر زخمیوں کا علاج سیوریک کے مقامی اسپتالوں میں جاری ہے، تاہم 5 اساتذہ اور طلبہ کی حالت نازک ہونے کے باعث انہیں صوبائی دارالحکومت کے بڑے اسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

اگرچہ ترکیہ میں اسکولوں میں فائرنگ کے واقعات انتہائی نایاب ہیں، لیکن اس واقعے نے ملک بھر میں تعلیمی اداروں کی سکیورٹی کے حوالے سے تشویش پیدا کر دی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ حملے کے پیچھے محرکات تاحال واضح نہیں ہو سکے ہیں، تاہم اس خونی واقعے کی ہر پہلو سے جامع تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے تاکہ حقائق سامنے لائے جا سکیں۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔