منگل، 14-اپریل،2026
منگل 1447/10/26هـ (14-04-2026م)

امریکی نائب صدر کا ایران پر معاشی دہشت گردی کا الزام، سخت اقدامات کی دھمکی

14 اپریل, 2026 12:28

امریکی نائب صدر نے ایرانی حکومت پر آبنائے ہرمز میں ٹریفک روک کر معاشی دہشت گردی کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے ایک ٹی وی انٹرویو کے دوران ایران کی پالیسیوں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایران آبنائے ہرمز میں رکاوٹیں کھڑی کر کے عالمی معیشت کو نقصان پہنچا رہا ہے، لیکن اب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دکھا دیا ہے کہ یہ کھیل دونوں طرف سے کھیلا جا سکتا ہے۔

وینس نے خبردار کیا کہ اگر ایرانیوں نے معاشی دہشت گردی بند نہ کی تو امریکہ بھی اس اصول پر عمل کرے گا کہ کسی بھی ایرانی بحری جہاز کو باہر نہیں نکلنے دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں : یورپی یونین کا آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی کی حمایت سے انکار

ایران کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کے حوالے سے نائب صدر نے بتایا کہ اس عمل میں کافی پیشرفت ہوئی ہے، تاہم اب گیند ایران کے کورٹ میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے دوسرے مرحلے کا فیصلہ تہران کو کرنا ہے اور توقع ہے کہ ایران آبنائے ہرمز کو کھولنے کی جانب مثبت پیشرفت کرے گا۔

وینس نے امریکہ کے سخت مطالبات کو دہراتے ہوئے کہا کہ ایران کو لچک دکھانی ہوگی اور امریکہ کی ریڈ لائنز کا احترام کرنا ہوگا۔

امریکہ کے بنیادی مطالبات میں ایران کے افزودہ یورینیم کا مکمل کنٹرول حاصل کرنا اور ایک ایسا معائنہ کار نظام وضع کرنا شامل ہے، جس سے یہ یقینی بنایا جا سکے کہ ایران کبھی بھی جوہری ہتھیار تیار نہیں کر سکے گا۔

جے ڈی وینس نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ ہم نے اپنی ریڈ لائن واضح کر دی ہے، ایرانیوں کو اپنے ملک سے جوہری مواد ہٹانا ہوگا اور جوہری ہتھیاروں کے حصول کی کوششیں ترک کرنی ہوں گی۔ اب یہ تہران پر منحصر ہے کہ وہ امن کا راستہ چنتا ہے یا مزید معاشی دباؤ کا۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔