منگل، 21-اپریل،2026
منگل 1447/11/04هـ (21-04-2026م)

کھاد اور تیل کی قیمتوں میں اضافہ، اقوام متحدہ کا آبنائے ہرمز کھولنے کا مطالبہ

21 اپریل, 2026 14:25

اقوام متحدہ نے آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کی نقل و حرکت پر عائد پابندیوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی جہاز رانی کی آزادی کی بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے تزویراتی اہمیت کی حامل آبنائے ہرمز میں بحری آمد و رفت پر عائد حالیہ پابندیوں پر شدید تشویش ظاہر کی ہے۔

اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن ڈوجارک کے مطابق سیکریٹری جنرل نے تمام فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ عالمی جہاز رانی کے حقوق کا احترام کریں اور عالمی گزرگاہوں میں نیوی گیشن کی آزادی کو مکمل طور پر بحال کریں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ گزشتہ اڑتالیس گھنٹوں کے دوران پیش آنے والے بحری واقعات اور وہاں کی صورتحال کے بارے میں کافی ابہام اور سرگرمی دیکھی گئی ہے، جو عالمی امن اور تجارت کے لیے خطرہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں : اسرائیل کی لبنان میں اقوام متحدہ کی گاڑی پر نقصان پہنچانے کی کوشش، امن اہلکار بال بال بچ گیا

اقوام متحدہ نے اپنے مؤقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی فوجی مقصد شہری بنیادی ڈھانچے کی تباہی یا عام آبادی کو جان بوجھ کر تکلیف پہنچانے کا جواز پیش نہیں کر سکتا۔

ترجمان نے بتایا کہ ان پابندیوں کے باعث دنیا بھر میں کھاد کی سپلائی کا دس سے بارہ فیصد حصہ بلاک ہو چکا ہے، جس کی وجہ سے کھاد اور یوریا کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس کے ساتھ ہی تیل کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے، جس سے اقوام متحدہ کے امدادی اداروں کی منصوبہ بندی اور خریداری کی صلاحیت بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔

اقوام متحدہ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس تزویراتی آبی راستے کی آزادی کو برقرار رکھنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔