ایران تباہی کے دہانے پر ہے، ناکہ بندی ختم کرنے کیلئے گڑگڑا رہا ہے، ٹرمپ

امریکی صدر نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران اس وقت تباہی کے دہانے پر ہے اور چاہتا ہے کہ امریکہ آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی فوری طور پر ختم کر دے۔
وائٹ ہاؤس میں برطانوی بادشاہ شاہ چارلس سوم کے اعزاز میں منعقدہ ریاستی عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف اپنی فوجی اور سیاسی کامیابیوں کا تذکرہ کیا۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ ان کی انتظامیہ اس وقت مشرق وسطیٰ میں بھرپور کام کر رہی ہے اور تمام حالات ان کے منصوبے کے مطابق آگے بڑھ رہے ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکہ نے ایران کو فوجی طور پر شکست دے دی ہے اور اب تہران کی جانب سے یہ پیغامات موصول ہو رہے ہیں کہ وہ تباہی کی حالت میں ہے اور چاہتا ہے کہ امریکہ آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی فوری طور پر ختم کر دے تاکہ وہ دوبارہ سانس لے سکے۔
یہ بھی پڑھیں : صدر ٹرمپ کا قانونی مدت ختم ہونے کے بعد بھی ایران کیخلاف جارحیت جاری رکھنے کا فیصلہ
صدر ٹرمپ نے اپنے خطاب میں برطانوی بادشاہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ شاہ چارلس بھی اس بات پر مکمل اتفاق کرتے ہیں کہ ایران کو کبھی بھی ایٹمی بم بنانے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔
انہوں نے جرمن چانسلر پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بعض یورپی رہنما شاید ایران کے ایٹمی پروگرام کو درست سمجھتے ہوں، لیکن اگر ایران کے پاس ایٹمی ہتھیار آگئے تو پوری دنیا اس کی یرغمال بن جائے گی۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ ایران کے ساتھ وہ سختی کر رہے ہیں جو سابقہ امریکی صدور کو بہت پہلے کر لینی چاہیے تھی۔
انہوں نے برطانیہ کے ساتھ تاریخی تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیاسی علیحدگی کے باوجود دونوں ملکوں کی دوستی وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوئی ہے اور وہ ایران کے معاملے پر متحد ہیں۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











