اسرائیلی عقوبت خانوں سے رہا ہونے والے فلسطینیوں کے ہوش ربا انکشافات

انسانی حقوق کی عالمی تنظیم یورو میڈ مانیٹر نے اپنی حالیہ لرزہ خیز رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ اسرائیلی فوج زیر حراست فلسطینیوں پر تشدد کے ایسے وحشیانہ طریقے استعمال کر رہی ہے، جن کی مثال جدید تاریخ میں نہیں ملتی۔
عالمی انسانی حقوق کی تنظیم یورو میڈ مانیٹر کی جانب سے جاری کردہ ایک مفصل رپورٹ نے دنیا بھر میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے، جس میں اسرائیلی حراستی مراکز میں فلسطینی قیدیوں کے ساتھ کیے جانے والے ہولناک سلوک کی تفصیلات بیان کی گئی ہیں۔
رہا ہونے والے قیدیوں کے بیانات پر مبنی اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی فوجی دانستہ طور پر قیدیوں کی ہڈیاں اور دانت توڑتے ہیں، جبکہ جنسی تشدد اور عصمت دری جیسے گھناؤنے جرائم کو بطور ہتھیار استعمال کیا جا رہا ہے۔
قیدیوں نے بتایا کہ انہیں برہنہ کر کے تلاشی لینے کے نام پر تذلیل کا نشانہ بنایا جاتا ہے اور ان پر تھوکنے اور پیشاب کرنے جیسے مکروہ افعال بھی معمول بن چکے ہیں۔
غزہ سے تعلق رکھنے والے ایک سابق قیدی نے اپنی آپ بیتی سناتے ہوئے کہا کہ چار اسرائیلی فوجیوں نے اسے فرش پر لٹا کر اس کے سر پر بوٹ رکھ دیئے اور بدترین مغلظات بکتے ہوئے اس پر پیشاب کیا۔
یہ بھی پڑھیں : اسرائیل فلسطین سے قبضہ ختم کرے، دو ریاستی حل ہی واحد امن کا راستہ ہے، عاصم افتخار
ایک اور فلسطینی نے انکشاف کیا کہ دوران تفتیش اسے اس قدر بے رحمی سے مارا گیا کہ اس کے جبڑے کی ہڈی اپنی جگہ سے ہل گئی اور کئی دانت ٹوٹ کر منہ سے باہر آگئے، جس کے بعد اس کا پورا چہرہ خون سے لت پت ہو گیا۔
خواتین قیدیوں نے بھی لرزہ خیز انکشافات کرتے ہوئے بتایا کہ تفتیشی افسران حماس کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے لیے انہیں مسلسل زیادتی کا نشانہ بنانے کی دھمکیاں دیتے رہے، جو ان کے لیے مستقل ذہنی اذیت اور دہشت کا سبب بنا رہا۔
ایک اور قیدی نے بتایا کہ اسے پنجرے نما قید خانے میں ایک سو دیگر افراد کے ساتھ رکھا گیا، جہاں چھپن ویں روز فوجیوں نے ان پر وحشیانہ تشدد کیا اور انہیں مجبور کیا کہ وہ بھیڑوں کی طرح آوازیں نکالیں۔
یہ تمام واقعات اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ عالمی قوانین اور انسانی اخلاقیات کی دھجیاں اڑاتے ہوئے فلسطینیوں کی تذلیل اور نسل کشی کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












