چینی اور امریکی وزرائے خارجہ کا رابطہ، بیجنگ کا تائیوان معاملے پر سخت مؤقف

چین اور امریکی وزیر خارجہ کے درمیان ایک اہم ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے، جس میں امریکی صدر کے دورہ چین اور صدر شی جن پنگ سے ملاقات کے ایجنڈے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
عالمی منظرنامے پر بدلتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر چین اور امریکہ کے درمیان سفارتی رابطوں میں تیزی آگئی ہے۔ اسی سلسلے میں چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے اپنے امریکی منصب مارکو روبیو کے ساتھ ٹیلیفون پر طویل گفتگو کی ہے۔
اس رابطے کا بنیادی مرکز امریکی صدر کا متوقع دورہ چین اور چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ ہونے والی ملاقات کا ایجنڈا طے کرنا تھا۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دو بڑی عالمی طاقتوں کے سربراہان کی ملاقات عالمی استحکام کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے، تاہم اس کے لیے سازگار ماحول کا ہونا ضروری ہے۔
ٹیلی فونک گفتگو کے دوران چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے انتہائی دوٹوک انداز میں تائیوان کے مسئلے پر چین کے مؤقف کی وضاحت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ تائیوان کا معاملہ چین اور امریکہ کے دوطرفہ تعلقات کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ اور خطرہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ایران پر حملے اور تائیوان کے محاذ پر چین کی حیران کن خاموشی
وانگ ای کا کہنا تھا کہ اگر امریکہ چین کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہتر بنانا چاہتا ہے، تو اسے تائیوان کے حساس معاملے پر اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کرنا ہوگی۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تائیوان چین کا اندرونی معاملہ ہے اور اس میں کسی بھی قسم کی بیرونی مداخلت بیجنگ کے لیے ناقابل قبول ہے۔
چینی وزیر خارجہ نے گفتگو کے دوران امریکہ کو باور کرایا کہ اسے اب درست انتخاب کرنا ہوگا۔ انہوں نے مارکو روبیو سے کہا کہ واشنگٹن ماضی میں کیے گئے اپنے سفارتی وعدوں اور بیجنگ کے ساتھ طے پانے والے معاہدوں پر سختی سے قائم رہے۔
وانگ ای کے مطابق، امریکہ کی جانب سے وعدوں کی پاسداری ہی وہ واحد راستہ ہے، جس کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان اعتماد کی فضا بحال ہو سکتی ہے اور صدر کی سطح پر ہونے والے مذاکرات کے مثبت نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔
سیاسی مبصرین اس گفتگو کو امریکی صدر کے دورے سے قبل ایک اہم وارننگ کے طور پر بھی دیکھ رہے ہیں، جس میں چین نے اپنی ریڈ لائن واضح کر دی ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








