نیٹو نے جرمنی سے امریکی فوجیوں کے انخلا کے اعلان پر واشنگٹن سے وضاحت طلب کر لی

امریکی صدر کی جانب سے جرمنی سے 5000 سے زائد فوجیوں کی واپسی کے فیصلے نے نیٹو اتحادیوں میں کھلبلی مچا دی ہے، جبکہ جرمنی نے اسے متوقع قرار دیتے ہوئے دفاعی بجٹ میں اضافے کا اعلان کیا ہے۔
جرمنی کے وزیر دفاع بورس پسٹوریس نے جرمنی سے 5000 امریکی فوجیوں کے انخلا کے امریکی فیصلے کو متوقع قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگرچہ امریکی فوج کی موجودگی یورپ اور خود امریکہ کے مفاد میں ہے، تاہم جرمنی اب اپنی سیکورٹی کی ذمہ داری خود اٹھانے کے لیے تیار ہے۔
دوسری جانب نیٹو اتحاد نے اس فیصلے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واشنگٹن سے وضاحت طلب کی ہے۔ نیٹو کی ترجمان ایلیسن ہارٹ کا کہنا ہے کہ وہ اس فیصلے کی تفصیلات سمجھنے کے لیے امریکی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : ٹرمپ کے ایران کیخلاف اعترافِ قزاقی پر ایکشن لیا جائے، ایران کی عالمی برادری سے اپیل
امریکہ کا یہ اقدام جرمن چانسلر فریڈرک میرز کے اس بیان کے بعد سامنے آیا، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ امریکہ کو ایرانی مذاکرات کاروں نے رسوا کیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے ہفتے کی رات میڈیا سے گفتگو میں واضح کیا کہ وہ صرف 5000 نہیں بلکہ اس سے کہیں زیادہ تعداد میں فوجی نکالنے جا رہے ہیں۔
یاد رہے کہ جرمنی میں اس وقت 36,000 سے زائد امریکی فوجی تعینات ہیں، جو یورپ میں امریکہ کی سب سے بڑی فوجی موجودگی ہے۔ صدر ٹرمپ نے اٹلی اور اسپین سے بھی فوجیں نکالنے کا اشارہ دیا ہے۔
اس فیصلے پر ریپبلکن پارٹی کے اندر سے بھی تنقید سامنے آ رہی ہے، جہاں سینئر قانون سازوں کا کہنا ہے کہ جرمنی سے فوج کی واپسی امریکی مفاد کے خلاف ہے۔
پولینڈ کے وزیر اعظم ڈونلڈ ٹسک نے وارننگ دی ہے کہ اتحاد کا بکھرنا بیرونی دشمنوں سے بڑا خطرہ ہے۔ جرمنی نے اب اپنے دفاعی اخراجات کو 2027 تک 105.8 ارب یورو تک بڑھانے کا منصوبہ بنایا ہے، جو کہ اس کی مجموعی قومی پیداوار کا 3.1 فیصد ہوگا۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









