جرمنی کا امریکہ کے ٹوما ہاک میزائلوں کی تنصیب سے انکار

جرمن چانسلر فریڈرک میرز نے واضح کیا ہے کہ امریکہ فی الحال جرمنی میں ٹوما ہاک کروز میزائل نصب نہیں کرے گا۔
جرمنی کے چانسلر فریڈرک میرز نے ایک اہم بیان میں اس بات کی تصدیق کی ہے کہ امریکہ فی الحال جرمنی کی سرزمین پر ٹوما ہاک کروز میزائلوں کی تنصیب نہیں کرنے جا رہا۔
جرمن براڈکاسٹر اے آر ڈی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے وضاحت کی کہ یہ فیصلہ کسی سیاسی ناراضگی کا نتیجہ نہیں بلکہ زمینی حقائق پر مبنی ہے۔
میرز کا کہنا تھا کہ اس وقت امریکہ کے پاس خود ان میزائلوں کی اتنی مقدار موجود نہیں ہے کہ وہ دوسروں کو فراہم کر سکے، اس لیے فی الحال ان ہتھیاروں کی فراہمی کا کوئی عملی امکان موجود نہیں ہے۔
یہ میزائل سابق امریکی صدر جو بائیڈن نے 2024 میں جرمنی کو فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا تاکہ یورپ کی دفاعی صلاحیت کو مضبوط کیا جا سکے جب تک کہ یورپ اپنا دفاعی نظام خود تیار نہیں کر لیتا۔
یہ بھی پڑھیں : ایران نے ٹرمپ کا ’پروجیکٹ فریڈم‘ مسترد کر دیا، امریکہ کو سنگین نتائج کی دھمکی
جرمن چانسلر نے ان خبروں کی سختی سے تردید کی کہ یہ فیصلہ ان کی جانب سے صدر ٹرمپ پر کی گئی حالیہ تنقید کا ردعمل ہے۔
یاد رہے کہ فریڈرک میرز نے ایران جنگ کے حوالے سے صدر ٹرمپ کے رویے پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایران نے امریکہ کو مذاکرات کی میز پر رسوا کیا ہے۔
چانسلر نے کہا کہ میزائلوں کی عدم تنصیب اور ان کے بیان کے درمیان کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ مل کر کام کرنے کے ارادے سے پیچھے نہیں ہٹے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون برقرار رہے گا۔
اس کے علاوہ انہوں نے جرمنی سے پانچ ہزار امریکی فوجیوں کے انخلا کی خبروں کو بھی غیر معمولی قرار نہیں دیا اور کہا کہ یہ فوجی جو بائیڈن کے دور میں عارضی طور پر آئے تھے اور ان کی واپسی کا معاملہ کافی عرصے سے زیرِ بحث تھا۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












