ٹرمپ کا آبنائے ہرمز میں پھنسے بحری جہازوں کو نکالنے کیلئے ’پروجیکٹ فریڈم‘ کا اعلان

امریکی صدر نے آبنائے ہرمز میں پھنسے ہوئے غیر متعلقہ ممالک کے تجارتی جہازوں کو نکالنے کے لیے ’پروجیکٹ فریڈم‘ کے نام سے ایک بڑے آپریشن کا اعلان کیا ہے۔
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مشرقِ وسطیٰ میں جاری شدید تنازعے کے دوران ایک اہم بحری اقدام کا اعلان کیا ہے، جسے ’پروجیکٹ فریڈم‘ کا نام دیا گیا ہے۔
صدر ٹرمپ کے مطابق دنیا بھر کے متعدد ممالک، جن کا مشرقِ وسطیٰ میں جاری تشدد اور تنازعے سے کوئی تعلق نہیں ہے، انہوں نے امریکہ سے درخواست کی تھی کہ آبنائے ہرمز میں پھنسے ہوئے ان کے تجارتی جہازوں کو نکالنے میں مدد کی جائے۔
صدر کا کہنا ہے کہ یہ جہاز اور ان پر موجود عملہ مکمل طور پر بے قصور ہیں اور وہ محض حالات کی وجہ سے اس بحران کا شکار ہوئے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے واضح کیا کہ ان کی انتظامیہ نے ان ممالک کو یقین دلایا ہے کہ امریکی افواج ان کے جہازوں کو ان محدود اور خطرناک آبی راستوں سے بحفاظت باہر نکالیں گی تاکہ وہ اپنا کاروبار دوبارہ شروع کر سکیں۔
صدر ٹرمپ نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ انہوں نے اپنے نمائندوں کو ہدایت جاری کر دی ہے کہ وہ متعلقہ ممالک کو اس حوالے سے مطلع کریں کہ امریکہ اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ان کے جہازوں اور عملے کی سلامتی یقینی بنائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ان ممالک نے واضح کر دیا ہے کہ وہ اس وقت تک اس علاقے میں واپس نہیں آئیں گے، جب تک یہاں جہاز رانی کے لیے حالات مکمل طور پر سازگار نہیں ہو جاتے۔
یہ بھی پڑھیں : ایرانی تیل کی صنعت ٹرمپ کی توقعات سے زیادہ مضبوط ہیں، امریکی تحقیقی ادارے کا انکشاف
صدر کے مطابق ’پروجیکٹ فریڈم‘ کا آغاز پیر کی صبح مشرقِ وسطیٰ کے وقت کے مطابق کر دیا جائے گا۔ صدر ٹرمپ نے یہ انکشاف بھی کیا کہ ان کے نمائندے اس وقت ایرانی حکام کے ساتھ انتہائی مثبت مذاکرات کر رہے ہیں اور ان مذاکرات کے نتیجے میں خطے کے لیے کوئی بہت ہی اچھی خبر سامنے آ سکتی ہے۔
صدر نے اس اقدام کو خالصتاً انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اٹھایا گیا قدم قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز میں پھنسے ہوئے بہت سے جہازوں پر خوراک اور دیگر ضروری سامان کی شدید قلت پیدا ہو چکی ہے، جس کی وجہ سے وہاں موجود عملے کی صحت اور صفائی کے مسائل جنم لے رہے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے امید ظاہر کی کہ یہ قدم ان تمام فریقین کے درمیان خیر سگالی کے جذبے کو فروغ دے گا، جو پچھلے کئی ماہ سے برسرِ پیکار ہیں۔
تاہم، صدر نے ایک سخت انتباہ بھی جاری کیا کہ اگر اس انسانی ہمدردی کے عمل میں کسی بھی قسم کی مداخلت کی گئی یا اسے روکنے کی کوشش کی گئی، تو امریکہ ایسی کسی بھی رکاوٹ سے پوری طاقت کے ساتھ نمٹے گا۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









