پیر، 4-مئی،2026
پیر 1447/11/17هـ (04-05-2026م)

ایران میں جنگ سے متاثرہ 37 ہزار عمارتوں کی مرمت مکمل، بحالی کا کام تیز

04 مئی, 2026 09:51

ایران کے ہاؤسنگ فاؤنڈیشن نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ ہونے والی حالیہ جنگ میں متاثر ہونے والی 37 ہزار سے زائد رہائشی اور تجارتی عمارتوں کی مرمت مکمل کر لی گئی ہے۔

ایران کے ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کی جانب سے جاری کردہ حالیہ اعداد و شمار کے مطابق، امریکہ اور اسرائیل کے درمیان ہونے والی جنگ کے نتیجے میں تباہ یا متاثر ہونے والے تقریباً 37 ہزار مکانات اور تجارتی مراکز کی مرمت کا کام کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے۔

مہر نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یہ عمارتیں جنگ کے دوران فضائی حملوں اور دیگر عسکری کارروائیوں کا نشانہ بنی تھیں۔

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں زندگی کو معمول پر لانے کے لیے تعمیرِ نو اور بحالی کے کاموں کو ترجیحی بنیادوں پر انجام دیا جا رہا ہے تاکہ بے گھر ہونے والے شہریوں اور متاثرہ کاروباری طبقے کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

دوسری جانب، ایرانی ہلالِ احمر سوسائٹی نے نقصانات کے حوالے سے ایک جامع رپورٹ جاری کی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ جنگ کے دوران شہری آبادیوں پر کیے جانے والے حملوں میں مجموعی طور پر ایک لاکھ پچیس ہزار سے زائد سویلین ڈھانچے یا تو مکمل طور پر تباہ ہو گئے یا انہیں شدید نقصان پہنچا۔

یہ بھی پڑھیں : ایران نے ٹرمپ کا ’پروجیکٹ فریڈم‘ مسترد کر دیا، امریکہ کو سنگین نتائج کی دھمکی

ایرانی ہلالِ احمر کے مطابق رہائشی علاقوں کو نشانہ بنانا عالمی قوانین کی خلاف ورزی تھا، جس کی وجہ سے ہزاروں خاندان متاثر ہوئے۔ رپورٹ میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ بحالی کا کام ابھی جاری ہے اور مکمل تباہ ہونے والی عمارتوں کی دوبارہ تعمیر میں مزید وقت درکار ہوگا۔

ایرانی ہلالِ احمر نے اپنی رپورٹ میں ایک اور تشویشناک پہلو کی نشاندہی کرتے ہوئے بتایا ہے کہ جنگ کے دوران طبی مراکز کو بھی نہیں بخشا گیا۔

اعداد و شمار کے مطابق مجموعی طور پر تین سو انتالیس طبی مراکز حملوں کی زد میں آئے جن میں اسپتال، فارمیسیاں، لیبارٹریز، صحت کے مراکز اور ایمرجنسی اسٹیشنز شامل ہیں۔

ان طبی تنصیبات کی تباہی سے زخمیوں اور عام مریضوں کو علاج کی فراہمی میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ایرانی حکومت کا کہنا ہے کہ وہ طبی مراکز اور عوامی سہولیات کی جلد از جلد بحالی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے تاکہ صحت کا نظام دوبارہ سے فعال ہو سکے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔