بدھ، 6-مئی،2026
بدھ 1447/11/19هـ (06-05-2026م)

سعودی عرب کا خطے میں کشیدگی پر اظہار تشویش اور پاکستان کی ثالثی کی حمایت

05 مئی, 2026 08:59

سعودی عرب نے مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی فوجی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فریقین سے تحمل کی اپیل کی ہے اور تنازع کے سیاسی حل کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں اور ثالثی کی مکمل حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔

ریاض سے سعودی پریس ایجنسی کے ذریعے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق سعودی عرب نے حالیہ فوجی کشیدگی پر سخت تشویش ظاہر کرتے ہوئے تمام متعلقہ فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ فوری طور پر تحمل کا مظاہرہ کریں اور تناؤ کو کم کرنے کے لیے اقدامات اٹھائیں۔

سعودی وزارت خارجہ نے واضح کیا ہے کہ خطے میں عدم استحکام اور مسلسل کشیدگی نہ تو علاقائی مفاد میں ہے اور نہ ہی عالمی سطح پر اس کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

اس ضمن میں سعودی عرب نے پاکستان کے کلیدی کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ مملکت پاکستان کی جانب سے کی جانے والی ہر قسم کی ثالثی اور سفارتی کوششوں کی بھرپور تائید کرتی ہے۔

سعودی حکام کا ماننا ہے کہ پاکستان کی کوششوں سے ایک ایسا سیاسی حل تلاش کیا جا سکتا ہے، جو خطے کو مزید تباہی اور عدم استحکام سے بچانے میں ممد و معاون ثابت ہوگا۔ سعودی عرب نے عالمی برادری پر بھی زور دیا ہے کہ وہ امن کی ان کوششوں کا حصہ بنے۔

بیان میں اسٹریٹجک اہمیت کی حامل آبی گزرگاہ آبنائے ہرمز کے حوالے سے بھی دو ٹوک مؤقف اپنایا گیا ہے۔ سعودی عرب نے مطالبہ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں عالمی جہاز رانی کی آزادی کو 28 فروری سے قبل کی معمول کی حالت میں فوری طور پر بحال کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں : یو اے ای میں ایرانی جوابی کارروائی سے ڈیٹا سینٹرز کو شدید نقصان پہنچا، ایمازون کا اعتراف

وزارت خارجہ نے جہازوں کی محفوظ اور بغیر کسی رکاوٹ کے آمد و رفت کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اسے عالمی معیشت کے لیے ناگزیر قرار دیا ہے۔

علاوہ ازیں، سعودی عرب نے متحدہ عرب امارات کی شہری اور اقتصادی تنصیبات پر ایران کی جانب سے کیے جانے والے ڈرون اور میزائل حملوں کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔

مملکت نے اماراتی کمپنی کے بحری جہاز کو نشانہ بنائے جانے کے واقعے کو بھی ناقابل قبول قرار دیا ہے۔ بیان میں متحدہ عرب امارات کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے امارات کی خود مختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے اٹھائے جانے والے تمام اقدامات کی حمایت کی گئی ہے۔

سعودی عرب نے ایران پر زور دیا ہے کہ وہ ان حملوں کو فوری طور پر بند کرے اور عالمی قوانین، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور اچھے ہمسائیگی کے اصولوں کا احترام کرے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔