ایرانی افواج کی متحدہ عرب امارات پر حملوں کے الزامات کی سختی سے تردید

ایرانی فوج نے متحدہ عرب امارات کے حملوں کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے اماراتی مسلمانوں کی سلامتی کی خاطر ہمیشہ تحمل کا مظاہرہ کیا ہے۔
ایرانی افواج کے ترجمان اور خاتم الانبیاء ہیڈ کوارٹرز کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات پر میزائل یا ڈرون حملوں کی رپورٹس قطعی طور پر غلط اور بے بنیاد ہیں۔
ترجمان نے اماراتی وزارت دفاع کے دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ خود کو مظلوم ظاہر کرنا اور جھوٹا پروپیگنڈا کرنا موجودہ مسائل کا حل نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں : جنگی کارروائیاں اب ختم ہو چکی ہیں، ایران کو آبنائے ہرمز کنٹرول نہیں دیں گے، مارکو روبیو
بیان میں مزید کہا گیا کہ متحدہ عرب امارات اس وقت امریکہ اور اسرائیل جیسی اسلام دشمن قوتوں کا گڑھ بن چکا ہے، جو پورے خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے کا سبب بن رہی ہیں۔
ترجمان ایرانی افواج نے سخت لہجے میں متنبہ کیا کہ اگر متحدہ عرب امارات کی سرزمین کو ایران کے خلاف کسی بھی قسم کی کارروائی کے لیے استعمال کیا گیا تو اس کا انتہائی سخت اور دندان شکن جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں ایران نے جو تحمل دکھایا، وہ صرف اماراتی بھائیوں اور مسلمانوں کی سلامتی کے پیش نظر تھا، لیکن اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ ایران اپنی قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ کرے گا۔
ایرانی فوج کے مطابق خطے کی موجودہ صورتحال کی تمام تر ذمہ داری ان بیرونی طاقتوں پر عائد ہوتی ہے، جو اپنے مفادات کے لیے مسلم ممالک کو استعمال کر رہی ہیں۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











