امریکی قانون ساز کا صدر ٹرمپ پر ایران جنگ سے متعلق غلط بیانی کا الزام

امریکی رکن کانگریس نے ٹرمپ پر الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے کانگریس کو ایران کے ساتھ جنگ ختم ہونے کے بارے میں غلط معلومات فراہم کی ہیں۔
رکن کانگریس راجہ کرشنامورتی نے سوشل میڈیا پر شیئر کئے گئے اپنے ایک خط میں کہا ہے کہ صدر ٹرمپ کا یہ دعویٰ کہ ایران کے ساتھ جنگ ختم ہو چکی ہے، حقیقت پر مبنی نہیں ہے۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ ایک طرف صدر جنگ بندی کا دعویٰ کر رہے ہیں اور دوسری طرف امریکی فوجی دستے اب بھی ایرانی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں مصروف ہیں اور بحری ناکہ بندی جاری رکھے ہوئے ہیں۔
کرشنامورتی کے مطابق، امریکی عوام ایران کے ساتھ جنگ نہیں چاہتے اور صدر کے غیر مستحکم اور اچانک فیصلوں سے خطے میں مزید بے یقینی پیدا ہو رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : جنگی کارروائیاں اب ختم ہو چکی ہیں، ایران کو آبنائے ہرمز کنٹرول نہیں دیں گے، مارکو روبیو
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ 1973 کے وار پاورز ایکٹ کے تحت، کسی بھی امریکی صدر کے لیے لازم ہے کہ وہ 60 دن کی مدت ختم ہونے کے بعد فوجی کارروائیاں روک دے یا کانگریس سے باقاعدہ منظوری لے۔
ایران اور اسرائیل کی جانب سے حملوں کو 60 دن گزر چکے ہیں، لیکن صدر ٹرمپ نے تاحال کانگریس سے رجوع نہیں کیا اور جنگ بندی کے نام پر آپریشن جاری رکھا ہوا ہے۔
راجہ کرشنامورتی نے مطالبہ کیا ہے کہ کانگریس کو صورتحال کی اصل حقیقت سے آگاہ کیا جائے تاکہ معلوم ہو سکے کہ موجودہ پالیسی کسی مستحکم نتیجے کی طرف بڑھ رہی ہے یا نہیں۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











