امریکی صدر کا ایرانی ڈرونز اور کشتیاں تباہ کرنے کا دعویٰ

امریکی صدر نے آبنائے ہرمز میں ایرانی ڈرونز اور کشتیاں تباہ کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جنگ بندی برقرار ہے، تاہم معاہدہ نہ کرنے کی صورت میں مزید طاقت کے استعمال کی دھمکی دی ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واشنگٹن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خلیج فارس میں ہونے والی تازہ جھڑپوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی بحریہ نے آبنائے ہرمز میں ایران کے ڈرونز اور چھوٹی کشتیوں کو کامیابی سے تباہ کر دیا ہے۔
صدر ٹرمپ کے مطابق ایران نے امریکی جنگی جہازوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی، لیکن تینوں امریکی تباہ کن جہازوں کو کوئی نقصان نہیں پہنچا اور وہ اپنے بحری ناکہ بندی کے مشن میں دوبارہ شامل ہو گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : ایرانی دارالحکومت تہران میں دھماکے، ساحلی شہروں پر بھی امریکی حملے
ٹرمپ نے اپنے مخصوص انداز میں کہا کہ ایرانیوں نے ہمیں چھیڑنے کی کوشش کی تھی، جس کا ہم نے بھرپور جواب دے کر انہیں اڑا دیا۔ ایرانی بحریہ پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ تہران چھوٹی کشتیوں کا سہارا اس لیے لے رہا ہے کیونکہ اس کی مرکزی بحریہ پہلے ہی مفلوج ہو چکی ہے۔
اس کشیدگی کے باوجود امریکی صدر نے واضح کیا کہ ایران کے ساتھ جنگ بندی ابھی تک قائم ہے اور وہ تہران کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے پرامید ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل شاندار شخصیات ہیں، جنہوں نے مذاکرات میں اہم کردار ادا کیا۔
ٹرمپ نے ایران کو انتباہ جاری کیا کہ وہ کبھی بھی ایران کو جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیں گے اور اگر تہران نے جلد معاہدے پر دستخط نہ کیے تو اسے مزید شدید فوجی طاقت کا سامنا کرنا پڑے گا۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










