پیر، 11-مئی،2026
پیر 1447/11/24هـ (11-05-2026م)

چین اور روس، ایران امریکہ معاہدے کی ضمانت دیں، ایرانی سفیر

11 مئی, 2026 08:37

صدر ٹرمپ کے دورہ چین کے تناظر میں ایرانی سفیر نے بیجنگ کے کردار کو کلیدی قرار دیتے ہوئے تجویز دی ہے کہ چین، ایران اور امریکہ کے درمیان ہونے والے ممکنہ معاہدے کا ضامن بن سکتا ہے۔

وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بدھ کی شام بیجنگ پہنچ رہے ہیں، جہاں ان کی چینی قیادت سے اہم ملاقاتیں متوقع ہیں۔

اس اہم دورے سے قبل چین میں تعینات ایرانی سفیر نے ایک نہایت اہم بیان جاری کیا ہے، جس میں انہوں نے تجویز دی ہے کہ چین، ایران اور امریکہ کے درمیان کسی بھی ممکنہ امن معاہدے کا ضامن بن سکتا ہے۔

ایرانی سفیر کا کہنا ہے کہ تہران اور واشنگٹن کے درمیان کسی بھی پائیدار سمجھوتے کے لیے بڑی عالمی طاقتوں کی ضمانت اور اقوام متحدہ کی باقاعدہ منظوری ناگزیر ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ایران نے اپنا جواب پاکستان کے ذریعے امریکہ تک پہنچا دیا

ایرانی سفیر نے اپنے بیان میں چین اور روس کو بااثر عالمی طاقتیں قرار دیتے ہوئے کہا کہ بیجنگ اس وقت عالمی سطح پر ایسا اثر و رسوخ رکھتا ہے کہ وہ ایک منصفانہ معاہدے میں کلیدی کردار ادا کر سکے۔

تہران کا مؤقف ہے کہ ماضی کے تجربات کو مدنظر رکھتے ہوئے وہ صرف امریکہ کے وعدوں پر اکتفا نہیں کر سکتا، بلکہ اسے بیجنگ اور ماسکو جیسی طاقتوں کا تعاون اور ضمانت درکار ہے تاکہ معاہدے کی پاسداری کو یقینی بنایا جا سکے۔

ماہرین صدر ٹرمپ کے اس دورہ چین کو ایران کے حوالے سے انتہائی اہم قرار دے رہے ہیں کیونکہ اس دوران مشرق وسطیٰ کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال ہونے کا امکان ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔